3 سال میں 55 لاکھ 50 ہزار روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے، اسد عمر

ویب ڈیسک  جمعـء 1 اپريل 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ لیبر فورس سروے میں ملک میں روزگار کے مواقع کا جائزہ لیا جاتا ہے، 3  سال میں 55 لاکھ 50 ہزار کے قریب روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ن لیگ کی حکومت میں اتنا اضافہ 5 سال میں ہوا تھا۔ 

لیبر فورس سروے کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ روزگار زراعت میں ہوتا ہے، ن لیگ کے دور میں 7 لاکھ 20 ہزار کی زراعت کے روزگار میں کمی ہوئی اور ہمارے دور میں زراعت میں 20 لاکھ روزگار کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے روزگار میں صنعت میں 24 لاکھ کا اضافہ ہوا، 11 لاکھ لوگوں کو بیرون ملک ملازمت ملی جبکہ ہمارے منشور میں دو بنیادی اصول لکھے گئے، ہماری اولین ترجیح نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا تھا، روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر ہمارا مذاق اڑایا گیا۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم نے پیداواری شعبوں پر توجہ مرکوز کی، گزشتہ 3 سال سے زراعت میں جو ترقی ہوئی وہ دہائیوں میں نہیں ہوئی، فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا اور کاشتکاروں کو رقم مل رہی ہے، گندم کی قیمت میں 900 روپے سے زیادہ کا اضافہ کیا، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کی صنعت میں اضافہ ہوا مزدور ملنا بند ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی حکومت میں ایکسپورٹس میں اضافہ نہیں ہوا جتنا ہمارے ایک سال میں ہوا، ایک کروڑ نوکریوں پر افلاطون اور بڑے اینکرز نے ہمارا بڑا مذاق اڑایا، معیشت کی ترقی کی رفتار جب تک تیز نہیں ہوگی روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہوسکتے، برسر روزگار افراد کی تعداد کی تعداد بڑھ کر 6 کروڑ 73 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔