جعلی کارڈز فروخت کرنے کیلئے 90 بار کورونا ویکسین لگوانے والا شخص

ویب ڈیسک  بدھ 6 اپريل 2022
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

میگڈیبرگ: جرمنی میں ایک 60 سالہ شخص نے محض اس مقصد سے درجنوں بار خود کو کورونا ویکسین لگوائی تاکہ جو لوگ ویکسین نہیں لگوانا چاہتے انہیں جعلی ویکسین کارڈز اصلی بیچ نمبرز کے ساتھ فروخت کیے جاسکیں۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق مشرقی جرمنی کے شہر میگڈیبرگ سے تعلق رکھنے والے شخص جن کا نام جرمن رازداری کے قوانین کے مطابق جاری نہیں کیا گیا، نے ویکسینیشن مراکز میں مہینوں تک 90 بار کورونا ویکسین لگوائیں تاہم بالآخر وہ پولیس کی گرفت میں آگئے۔

نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ مشتبہ شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے تاہم ویکسینیشن کارڈز کے غیر مجاز اجراء اور دستاویزات کی جعلسازی کی وجہ سے ملزم سے تفتیش جاری ہے۔

60 سالہ جرمن شہری سیکسنی میں ایلن برگ کے ایک ویکسینیشن سنٹر میں اس وقت پکڑے گئے جب وہ لگاتار دوسرے دن بھی کورونا ویکسین لگوانے پہنچ گئے۔

پولیس نے ان کے پاس سے متعدد خالی ویکسینیشن کارڈ ضبط کر لیے اور فوجداری کارروائی شروع کر دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔