وزیراعلیٰ کا انتخاب؛ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست پر عائد اعتراض ختم کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 8 اپريل 2022
درخواست میں پنجاب اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے (فوٹو : فائل)

درخواست میں پنجاب اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے (فوٹو : فائل)

 لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کی وزیراعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے حمزہ شہباز کی وزیراعلی پنجاب کا انتخاب کرانے کی درخواست پررجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

حمزہ شہباز نے پنجاب میں وزیراعلی کا انتخاب کرانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست  دائرکی تھی۔ رجسٹرار آفس نے حمزہ شہباز کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپیکرکے احکامات عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتے۔ حمزہ شہباز کی درخواست پر بطور اعتراض کیس کی سماعت ہوگی۔ لاہورہائیکورٹ نے اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لئے مقررکرنے کی ہدایت کردی۔

درخواست میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ یکم اپریل سے وزیراعلی پنجاب کا عہدہ خالی ہے لہٰذا پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلا کر کے فوری طورپر وزیراعلی کا انتخاب کرایا جائے۔ درخواست میں پنجاب اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کے اقدام کو بھی غیر قانونی قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کا معاملہ لاہور ہائیکورٹ میں لے کر جائیں، چیف جسٹس عمر عطا بندیال

چیف جسٹس سپریم کورٹ  عمرعطا بندیال نے گزشتہ روزاسپیکررولنگ از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران پنجاب اسمبلی کا معاملہ لاہورہائیکورٹ لے جانے کی ہدایت کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔