’عمران خان زیادہ مضبوط ہوکر واپس آئیں گے‘ فنکاروں کا عمران خان سے اظہار یکجہتی

کیا ہم ایسی قوم بن چکے ہیں کہ ہمیں ایسے حکمران ملیں جو دنیا بھر میں بدنام ہیں، حنا خواجہ بیات


ویب ڈیسک April 10, 2022
ہم نے آج ایک محب وطن ، ایماندار لیڈر کھودیا ہے، فنکار فوٹوفائل

ISLAMABAD: عمران خان کی بطور وزیراعظم برطرفی پر شوبز فنکاروں نے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد عمران خان اب وزیراعظم نہیں رہے۔ ان کے عہدے سے فارغ ہونے پر فنکار برادری نے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان اب زیادہ مضبوط ہوکر واپس آئیں گے۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ''تم کتنے عمران بھیجو گے ہر گھر سے عمران نکلے گا''۔ آج جو کچھ بھی ہوا افسوسناک تھا لیکن میرا یقین کریں آج سے حقیقی انقلاب شروع ہورہا ہے۔ ہاں یہ اس سے کہیں زیادہ مشکل ہے جتنا ہم نے سوچا تھا لیکن گھبرانا نہیں ہے۔



اداکارہ مایا علی نے بھی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دن کو پاکستان کی تاریخ کاافسوسناک اور سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہمیں صرف صبر، اتحاد اور یقین کی ضرورت تھی۔ ہم نے ہیرا کھودیا، ہم نے ایک سچے سیاستدان اور ایماندار وزیراعظم کو کھو دیا۔ میں عمران خان کو سلام پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے اپنی پوری کوشش کی اور پاکستان کی خودمختاری کے لیے آخری دم تک لڑے، شکریہ کپتان۔ میں جانتی ہوں آپ زیادہ مضبوط ہوکر واپس آئیں گے۔ ایک بار لیڈر ہمیشہ لیڈر ہوتا ہے۔



اداکارہ حریم فاروق نے کہا پاکستان کی تاریخ کا افسوسناک دن۔ آج رات دل بہت بھاری ہے لیکن ایک بہتر کل کی امید ابھی بھی زندہ ہے اور یہی عمران خان کی طاقت ہے۔



اداکار شان نے عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لکھا عمران خان بطور وزیراعظم آپ کا سفر پہلا مرحلہ تھا، لیکن بطور عظیم لیڈر آپ کا سفر اب شروع ہوچکا ہے۔ مشکلات آپ کے تمغے ہوں گے۔ اس قوم کو آپ کی ضرورت ہے، ہمت نہ ہاریں پاکستان سے دستبردار نہ ہوں۔



اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی عمران خان کی ہمت بندھاتے ہوئے کہا میرے پیارے کپتان آپ کو مزید طاقت ملے۔ اگلے الیکشن کی تیاری کریں میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں۔ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا گھبرانا نہیں ہے۔ یہ ایک نئی شروعات ہے دو تہائی کی اکثریت اتحادی حکومت سے بہتر ہے۔ ہم اپنے کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں۔



معروف بلاگر زید علی نے لکھا آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا انتہائی سیاہ دن ہے۔ ہم نے بطور قوم اپنا سب سے قیمتی اثاثہ کھودیا۔ میں عمران خان کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں جہاں وہ اپنی آخری سانس تک لڑے۔ عمران خان سچے چیمپئن اور لیڈر کی مثال ہیں۔ آپ نے بہت اچھا کھیلا کپتان۔



اداکارہ زارا نور عباس نے عمران خان کی تصویر شیئر کراتے ہوئے لکھا میرے لیڈر ہمیشہ اور پوری زندگی عمران خان رہیں گے۔



اداکار بلال قریشی نے سابق وزیراعظم کی تصویر شیئر کراتے ہوئے انتہائی مایوسی کے عالم میں لکھا ''پاکستان ہار گیا''۔



اداکارہ ایمن خان نے بھی عمران خان کی تصویر شیئر کرائی اور ان کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے لکھا آپ ایک سچے لیڈر ہیں۔



اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے عمران خان کی ایک ویڈیو شیئر کراتے ہوئے لکھا ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان چاہئے۔ نوجوانوں، آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے۔ ایک زندہ قوم اپنے حقوق کے لیے کھڑی ہوتی ہے۔ آپ نے غلامی قبول نہیں کرنی۔ عمران خان۔



اداکارہ وینا ملک نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کون ہوگا جو عمران خان جیسے لیڈر کی قدر نہیں کرے گا۔۔۔کون؟ ایسا شخص تو کبھی پاکستان کی تاریخ میں آیا ہی نہیں۔۔سچا، ایماندار، بے لوث، بہادر، دین دار اور حق گو۔



اداکارہ حنا خواجہ بیات نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا اللہ تعالیٰ کہتے ہیں جیسی قوم ہوگی ویسے ہی حکمران میں تمہیں دوں گا۔ تو کیا آج ہم ایسی قوم بن چکے ہیں کہ ہمیں ایسے لیڈر، ایسے حکمران ملیں جو دنیا بھر میں بدنام ہیں انہیں مسٹر ٹین پرسینٹ کہا جاتا ہے، ان کی کرپشن کے قصے پوری دنیا میں سنائے جاتے ہیں اور وہ ملکی دولت لوٹ کر باہر بھاگ جاتے ہیں۔

حنا خواجہ بیات نے کہا ہم نے آج ایک محب وطن، ایماندار لیڈر کھودیا ہے جس نے کرپٹ لوگوں کو این آر او نہیں دیا لیکن بہت سارےاداروں نے مل کر انہیں این آر او دے دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں