امیتابھ اور سری دیوی کی والدہ نے قتل کی دھمکیاں دیں، پروڈیوسر کا انکشاف

ویب ڈیسک  بدھ 11 مئ 2022
امیتابھ اور سری دیوی کی والدہ نے منوج دیسائی کو قتل کی دھمکیاں دیں(فوٹو فائل)

امیتابھ اور سری دیوی کی والدہ نے منوج دیسائی کو قتل کی دھمکیاں دیں(فوٹو فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور فلم ’خدا گواہ‘کے ہدایت کار منوج دیسائی نے انکشاف کیا ہے کہ امیتابھ بچن کی والدہ نے بیٹے کو کچھ ہونے کی صورت میں میری اہلیہ کو بیوہ ہونے کی دھمکی دی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی ایکشن اور رومانس سے بھرپور فلم ’خدا گواہ‘ کی تازیں آج بھی تازہ ہوں گی، فلم کے پروڈیوسر منوج دیسائی نے فلم کی شوٹنگ کیلئے پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بگ بی اور سری دیوی کی والدہ کی جانب سے ملنے والی قتل کی دھمکیوں کا بھی انکشاف کیا۔

پروڈیوسر نے بتایا کہ فلم کی کہانی کے مطابق عکسبندی افغانستان میں ہونی تھی اور افغانستان کے حالات ان دنوں کشیدہ تھے جس کے باعث فلم کی کاسٹ اور ان کے اہل خانہ بھی شدید خوفزدہ تھے۔

انہوں نے بتایا کہ امیتابھ بچن کی والدہ تیجی بچن نے انہیں دھمکی دی تھی کہ اگر امیتابھ کو کچھ ہوا اور ان کی اہلیہ جیا نے سفید ساڑھی (ہندو رسم و رواج کے مطابق بیوہ خواتین سفید ساڑھی پہنتی ہیں) پہنی تو تمہاری اہلیہ کلپنا بھی سفید ساڑھی پہنے گی، اسی لیے تم ادھر واپس ہی نہیں آنا۔

منوج دیسائی نے انکشاف کیا کہ آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی والدہ نے بھی انہیں دھمکی دی تھی کہ اگر سری کو کچھ ہوا تو وہ (منوج دیسائی) افغانستان میں ہی رہیں کیوں کہ اگر وہ واپس بھارت آئے تو انہیں قتل کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ خدا گواہ 1992 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کی عکسبندی 1991 میں افغانستان کے شہر کابل اور مزار شریف میں ہوئی اور اس وقت کے افغان صدر محمد نجیب اللہ نے 18 دنوں کی شوٹنگ کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کی تھی۔

سنہ 2010 میں ایک نیوز ایجنسی نے امیتابھ بچن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ افغان صدر محمد نجیب ہندی فلموں کے بہت بڑے مداح تھے اور انہوں نے شوٹنگ کے دوران لڑاکا طیاروں کو بھی ہماری سیکیورٹی پر مامور کردیا تھا جب کہ فلم کے سیٹ کے اردگرد آرمی ٹینکس موجود تھے، طیاروں اور ٹینکوں کو دیکھ کر فلم کا سیٹ کوئی جنگ کا میدان لگتا تھا۔

فلم کی کہانی اور ہدایت کاری مُکل ایس آنند نے فراہم کی تھی جب کہ کاسٹ میں امیتابھ بچن، سری دیوی، نگرجونا، شیلپا شیرودکر، ڈینی ڈینزونگپا اور کرن کمار شامل تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔