شہری نے جان کی پرواہ کیے بغیر 8ویں منزل پر لٹکی بچی کو بچالیا

ویب ڈیسک  جمعرات 12 مئ 2022
قازق شہری نے تین سالہ بچی کی جان بچالی(فوٹو فائل)

قازق شہری نے تین سالہ بچی کی جان بچالی(فوٹو فائل)

نورسلطان: قازقستان کے شہری نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر آٹھویں منزل سے لٹکی ہوئی کمسن بچی کو بچالیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت نورسلطان میں تین سالہ بچی کے آٹھویں منزل سے لٹکنے کا دل دہلا دینے والا رونما ہوا، جو گھر میں اکیلی کھیل رہی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچی کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت کی آٹھویں منزل پر اپارٹمنٹ اکیلی کھیل رہی تھی کہ اچانک اس کا پاؤں پھسلا اور وہ کھڑکی سے باہر لٹک گئی۔

تین سالہ بچی کو کھڑکی سے باہر لٹکا دیکھ کر ہجوم جمع ہوگیا مگر کسی نے بھی بچی کو بچانے کی کوشش نہیں کی اسی دوران 37 سالہ ثابت نامی شخص وہاں سے گزر رہا تھا جس نے بچی کو بلند عمارت سے لٹکا ہوا دیکھا تو فوری طور پر مدد کیلئے دوڑا۔

نوجوان اپنے دوست کے ہمراہ ساتویں منزل پر پہنچا اور اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کھڑکی سے باہر نکلا اور بچی کا پاؤں پکڑ کر اپنی جانب کھینچا اور کھڑکی سے اندر کیا۔

Sabit Shontakbayev, 37, father of four, who risked his life to save a 3-year-old girl in Nur-Sultan, Kazakhstan

اس دوران ثابت کے دوست نے اس کی ٹانگیں پکڑی تاکہ اسے نیچے گرنے سے بچایا جاسکے۔

قازق شہری کو لوگوں نے ’ہیرو‘ کے لقب سے نوازا ہے جب کہ شہر کے ڈپٹی ایمرجنسی منسٹر نے ثابت کو بہادری کا میڈل اور ایک اپارٹمنٹ تحفے میں دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ثابت چار بچوں کا باپ ہے اور دارالحکومت میں روزگار کے سلسلے میں تنہا رہتا ہے جب کہ اہل خانہ دوسرے شہر میں مقیم ہیں۔

ثابت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں اور اہلیہ کو حکومت کی جانب سے تحفے میں دئیے جانے والے خوبصورت اپارٹمنٹ میں بلالوں گا۔

ثابت نامی شہری نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر گھر میں چھوٹے بچے ہیں تو گھر کی کھڑکیاں بلکل بھی کھلی مت چھوڑیں کیوں کہ نظر بچتے ہی بچے حادثے کا شکار ہوسکتے ہیں جس میں ان کی موت ہوسکتی ہے یا پھر وہ زندگی کیلئے معذور ہوسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔