متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان انتقال کرگئے

شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات میں 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے


ویب ڈیسک May 13, 2022
73 سالہ خلیفہ بن زاید النہیان کافی عرصے سے بیمار تھے، فوٹو: فائل

متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران 73 سالہ عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید النہیان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صدارتی امور نے صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات، عرب اور اسلامی قوم اور دنیا کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

شیخ خلیفہ بن زاید النہیان اپنے والد شیخ زاید بن سلطان النہیان کے انتقال کے بعد 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 1948 میں پیدا ہوئے وہ متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور ابوظہبی کی امارات کے 16 ویں حکمران تھے اور ملک کے پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان کے بڑے صاحب زادے تھے۔

صدر خلیفہ بن زاید النہیان کافی عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوکر کافی کمزور ہوگئے تھے جس کے باعث ملکی امور ولی عہد محمد بن زاید النہیان چلا رہے تھے۔

شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات میں 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا جب کہ تین دن تمام سرکاری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں