- تباہ کن زلزلہ؛ آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کے 2 امدادی دستے ترکیہ روانہ
- 16 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار
- قومی ٹیم سے اخراج کی وجہ آج تک معلوم نہیں ہوئی، عماد وسیم کا شکوہ
- غذائی افراط زر سے متاثرہ ممالک کی فہرست جاری، پاکستان شامل
- پاکستان میں سی پیک کے تحت کوئلے سے چلنے والے پاورپلانٹ نے کام شروع کردیا
- ارد و لغت بورڈ؛ 55 اسامیوں میں 41 خالی، افرادی قوت کی شدید کمی
- شیونرائن اور ٹیگنرائن سنچری بنانے والے پہلے ویسٹ انڈین باپ بیٹے
- آسٹریلیا کے ٹی20 کپتان ایرون فنچ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
- پاک افغان میچز میں تماشائیوں کی ہلڑ بازی کا مسئلہ میٹنگ میں زیربحث
- ’پاکستان نہیں آنا تو جہنم میں جاؤ‘ ، جاوید میانداد بھارتیوں پر بھڑک اٹھے
- کراچی کنگز کا اسٹیرئنگ تبدیل، جارحانہ کرکٹ سے منزل تک رسائی کی خواہش
- ٹیوشن سینٹرز: فوائد اور نقصانات
- نو عمر لڑکیاں ورزش کرنے سے توجہ کو بہتر بنا سکتی ہیں
- سائنس دانوں نے پانی سے مشابہ برف بنالی
- آئی ایم ایف بجلی ٹیرف 50 فیصد بڑھانے پر بضد، حکومت 20 سے33 بڑھانے پر آمادہ
- فلپائن میں ’پیاز‘ ایک روز کے لیے کرنسی بن گئی
- 15 کروڑ سے زائد آمدن والی کمپنیوں پر سپر ٹیکس عائد
- روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ترسیلات زر5.686 ارب ڈالرز تک پہنچ گئیں
- غیرملکی کرنسیوں کی انسداد اسمگلنگ، سی اے اے کے شعبہ کارگو میں بوتھ قائم کرنے کا فیصلہ
- ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلہ، اموات 4 ہزار 300 سے متجاوز
سود کے خاتمے کے لیے تاریخی فیصلہ
وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خاتمے سے متعلق اہم ترین اور تاریخی فیصلے پر عوام اور خاص طور پر دینی حلقوں کی جانب سے بھرپور تائید اور خوشی کا اظہارکیا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور مرکزی بینک اس اہم فیصلے کو غور سے پڑھے گا اور اس سلسلے میں شریعت کورٹ سے اس کے اطلاق اور اقدامات کے لیے رہنمائی حاصل کی جائے گی ، لیکن اس فیصلے پر سیاستدانوں ، معاشی ماہرین ، پالیسی سازوں اور صنعت کاروں و سرمایہ کاروں اور ان کی تنظیموں کی جانب سے کوئی گرم جوشی دیکھنے میں نہیں آ رہی ہے۔
سود کے خلاف اس طویل ترین قانونی جنگ میں مختلف ادوار کی حکومتوں کا کردار انتہائی مایوس کن اور شرم ناک رہا ہے۔ جنھوں نے اپیل در اپیل دائر کرکے یا دائرکروا کے 32 سال تک اس حکم خداوندی کے راستے میں رکاوٹیں حائل کیں۔
سودی نظام کے خلاف پہلی پٹیشن 30جون 1990 کو شریعت کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ 14 نومبر 1991 کو اس کا فیصلہ ہوا جس میں اس کے نفاذ کے لیے 30 اپریل 1992 تک کی مہلت دی گئی تھی جس کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا گیا جس کا فیصلہ 23 دسمبر 1992 کو آیا اور شریعت کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اسے 30 جون 2000 تک نافذ کرنے کا حکم دیا گیا لیکن حکومت نے 24 جون 2000 کو پھر فیصلے پر نظرثانی کرنے کی درخواست دائر کردی جس پر وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے ربا کی تعریف پیش کرنے کے لیے واپس شرعی عدالت کو بھیج دیا گیا جہاں اس کی سماعت میں مزید 19سال کا عرصہ بیت گیا اس دوران 9 چیف جسٹس صاحبان اپنی مدت ملازمت پوری کرکے اپنے گھروں کو سدھار گئے لیکن اللہ اللہ کرکے پچھلے ہفتے اس کا فیصلہ سنا دیا گیا جس میں اصل رقم سے زائد رقم کی وصولی کو سود قرار دیا گیا اور سود کی سہولت کاری کرنے والے تمام قوانین کو غیر شرعی قرار دے کر انھیں اسلامی روح کے مطابق بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
1966 میں بھی اسلامی نظریاتی کونسل نے سودی قوانین کو اسلامی بنانے کے لیے اس وقت کے صدر ایوب خان کو رپورٹ پیش کی تھی۔ اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے کہ نصف صدی سے زائد جاری کاوشوں اور جدوجہد کے نتیجے میں حالیہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔
اس مقدمے کی طویل المدت کارروائی کے دوران بڑی باریک بینی و عرق ریزی سے اس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے قرآن و حدیث و فقہ کے علاوہ ملکی و غیر ملکی قانون و شریعت کے ماہرین، علما کرام، دانشوروں، معاشی ماہرین، بینکرز سے مشاورت کی گئی انھیں سوال نامے دیے گئے تاکہ ان کا نقطہ نظر اور ماہرانہ رائے کو مدنظر رکھا جائے وہ معاونت اور مشاورت کے لیے عدالتوں میں بھی پیش ہوئے اس سلسلے میں انٹرسٹ ایکٹ، منی لانڈرنگ آرڈیننس، بینکنگ کمپنی آرڈیننس، اسٹیٹ بینک ایکٹ، ریکوری آرڈیننس، کوآپریٹیو سوسائٹی ایکٹ اور سول پروسیجر کوڈ جیسے لاتعداد قوانین کی ورق گردانی کی گئی اور ان کی ان شقوں کو کھنگالا گیا جو سود سے متعلق تھیں اس طویل تر تحقیق اور محنت شاقہ کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے جس کی بھرپور ستائش کی جانی چاہیے۔
حکمرانوں کی سابقہ روش دیکھتے ہوئے عوام اور خاص طور پر دینی حلقوں کے اذہان میں بہت سے تحفظات پائے جاتے ہیں کہ حکومت ان پانچ سالوں کے دوران اس فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے بجائے کوئی نیا تعطل پیدا نہ کردے ، کیونکہ سود کا مسئلہ محض دینی ہی نہیں بلکہ ملک و معیشت اور اقتصادیات کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل اور وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
اس وقت ملکی بجٹ کا نصف سے زائد حصہ قرضوں کے سود کی ادائیگی پر خرچ ہو رہا ہے۔ گوکہ سودی نظام کو اسلامی نظام میں ڈھالنا ایک بڑا ٹارگٹ ہے ، حکومت کو چاہیے کہ سودی نظام کے خاتمے کے لیے اسلامی معیشت کے ماہرین، علمائے کرام، قانونی ماہرین، مذہبی اسکالرز اور ربا فری بینک چلانے والے لوگوں کے تجربات سے فائدہ اٹھائے۔ اس کے پاس 5 سال سے زیادہ وقت موجود ہے غیر سودی نظام کے رول ماڈل بھی اس کے سامنے ہیں۔
عدالتوں اور ماہرین کی رائے، مشاورت اور معاونت اس کے سامنے اور ساتھ موجود ہے۔ اس کے نفاذ کے لیے صرف اخلاص نیت، احساس ذمے داری اور خوف خدا کی ضرورت ہے گزشتہ 32 سالہ عدالتی کارروائیوں کے دوران اگر حکومت اپنے طور پر سودی نظام کے خاتمے سے متعلق پیشگی منصوبہ بندی کرلیتی تو 5 سال سے پہلے یہ فریضہ سرانجام دیا جاسکتا تھا۔
سودی نظام کے خاتمے سے متعلقہ فیصلے پر عملدرآمد کا جائزہ اور مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے جماعت اسلامی نے علمائے کرام، معاشی ماہرین اور عدالتی جدوجہد کے شرکا پر مشتمل مشاورتی اجلاس منعقد کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فیصلہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ حکومت نے اب تاخیری حربے استعمال کیے تو قوم متحد ہو کر 1977 جیسی تحریک چلائے گی۔ حکومت فوری اقدامات کرے اور عوام کو واضح روڈ میپ دیا جائے۔ عدالتی فیصلے کے بعد حکمرانوں کا امتحان شروع ہو چکا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت کے رہنما ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ حکمران جان لیں کہ سودی نظام کے دفاع کی صورت میں انھیں سخت عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا، انھوں نے کہا کہ اگر کسی بینک نے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی تو قوم اس کا بائیکاٹ کرے گی۔ جماعت اسلامی مختلف چیمبرز آف کامرس اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کا آغاز کر چکی ہے تاکہ انھیں اسلامی طرز معیشت اپنانے کی طرف راغب کیا جائے۔ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی صورت میں حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے اور اس کے دست و بازو بنیں گے۔
ملک کے دیگر اداروں اور جماعتوں کو بلا لحاظ وابستگی اس کار خیر میں حکومت کا دست و بازو بننا چاہیے اور حکومت پر اس کے نفاذ کے لیے دباؤ بھی برقرار رکھنا چاہیے۔
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔