پہلی بار آئرلینڈ نے پاکستان کو ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں شکست دیدی

ویب ڈیسک  جمعـء 10 مئ 2024
آئرش ٹیم نے 183 رنز کا ہدف 20 ویں اوور میں حاصل کیا (فوٹو: پی سی بی)

آئرش ٹیم نے 183 رنز کا ہدف 20 ویں اوور میں حاصل کیا (فوٹو: پی سی بی)

ڈبلن: 

پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ڈبلن میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں آئر لینڈ نے 183 کا ہدف 20 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ آئرلینڈ کی جانب سے اینڈی بلبرنی 77 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہیری ٹیکٹر 36، جورج ڈوکریل 24، کپتان پال اسٹرلنگ 8 اور لورکن ٹکر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کرٹس کیمفر 15 اور گیریتھ ڈیلنے 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آئرلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 57، صائم ایوب 45، فخر زمان 20، محمد رضوان 1 جبکہ اعظم خان اور شاداب خان 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد 37 اور شاہین شاہ آفریدی 14 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔

مزید پڑھیں: دورہ آئرلینڈ؛ محمد عامر بالآخر ڈبلن روانہ

آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے 2 جبکہ گیریتھ ڈیلنے اور مارک اڈیئر نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا میچ 12 مئی کو کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔