پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے سری لنکن آل راؤنڈر کمیندو مینڈس کو ڈائریکٹ سائن کرلیا۔
فرنچائز کی جانب سے جاری دلچسپ ویڈیو میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، ٹیم کے مالک ثمین رانا اور شاہین کے ننھے بیٹے عالیار دکھائی دیے۔
ویڈیو میں شاہین نے اپنے بیٹے کو بلا کر نئے کھلاڑی کا نام بتانے کو کہا تو عالیار نے معصوم انداز میں صرف ’کمیندو‘ کہہ کر سب کو مسکرانے پر مجبور کردیا۔
شاہین آفریدی کے مطابق لاہور قلندرز گزشتہ پانچ سے چھ برسوں سے اپنے بنیادی کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے پر توجہ دے رہی ہے تاہم گزشتہ سیزن میں مڈل آرڈر کی کمزوری سامنے آنے کے بعد اس شعبے کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کمیندو مینڈس کو باصلاحیت کرکٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بیٹنگ کے ساتھ دائیں اور بائیں دونوں ہاتھوں سے اسپن بولنگ بھی کرسکتے ہیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ کمیندو مینڈس کی شمولیت سے ٹیم کے مڈل آرڈر کو مزید استحکام ملنے کی توقع ہے۔