19 ویں کورین ایمبیسیڈر نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا افتتاح

پاکستان میں تائیکوانڈو تیزی سے ترقی کر رہا ہے: کورین سفیر


ذوالفقار بیگ November 24, 2026

پاکستان میں تعینات کوریا کے سفیر ہان سنگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ کے لیے کوریا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ پاکستان میں تائیکوانڈو کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں 19 ویں کورین ایمبیسیڈر نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

تقریب میں صدر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کرنل نبیل اد رانا، چیف ایگزیکٹو کامبیکس عمر سعید، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا محمد سرور، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد سعید، کھیلوں سے وابستہ عہدیداران، کوچز اور کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوے کورین سفیر ہان سنگ ہو نے کہا کہ پاکستان میں تائیکوانڈو تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں کا جذبہ لگن اور کھیل سے وابستگی قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی چیمپئن شپ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور بہترین کارکردگی دکھانے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔ امید ہے کہ تمام کھلاڑی بھرپور محنت اور کھیل کے جذبے کے ساتھ حصہ لیں گے اور اس ایونٹ کو یادگار بنائیں گے۔

صدر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کرنل نبیل احمد رانا نے کورین سفیر اور کورین حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن ملک کے ہر حصے میں موجود باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا، اسے تربیت کے ذریعے نکھارنا اور قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے قابل بنانا ہے۔ ہر مستحق کھلاڑی کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان میں تائیکوانڈو کا معیار بلند کرنا فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے، ہمارا ہدف پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے اور کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے۔