پنجاب میں تندوری روٹی 25 اور چپاتی کی 15 روپے میں فروخت ہوگی

ویب ڈیسک  جمعـء 10 مئ 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 لاہور: ضلعی انتظامیہ نے تندوری روٹی کی قیمت 25 جبکہ چپاتی کی قیمت 15 روپے مقرر کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا، جس پر فوری اطلاق ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے  نان بائی ایسوسی ایشن سے مذاکرات کیے جو کاماب ہوگئے۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد تندور مالکان نے روٹی کی قیمت 1 روپے کم کر کے 15 روپے جبکہ نان 25 روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کیا۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ روٹی کی نئی قیمت پر فوری اطلاق ہوگا، گندم کی فراوانی اور آٹے کی کم ہوتی قیمت کے پیش نظر قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور نان بائی ایسوسی ایشن سے روٹی کی نئی قیمت پر اتقاق رائے بھی ہوگیا۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ شہری روٹی کی قیمت کی شکایت وزیر اعلیٰ پنجاب ہیلپ لائن 080002345 پر درج کرواسکتے ہیں۔

اس سے قبل پنجاب حکومت کی ترجمان اعظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ آٹے کے بیس کلو کے تھیلے کی قیمت 1 ہزار روپے کم ہوئی تو پھر روٹی کی قیمت بھی کم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کو ہر صورت ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا ہے جس کے لیے کام کررہے ہیں، حکومت کو اپنا کام کرنے دیں اور اداروں کو انتظامی معاملات میں روڑے اٹکانے سے گریز کرنا چایے اور کام نہ کرنے والے صرف کردار کشی کرنا جانتے ہیں۔

اعظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت پہلے کم کی تو کے پی حکومت نے بھی 15 روپے کرنے کا اعلان کیا مگر میں دعوے کے ساتھ کہتی ہوں کہ پورے صوبے میں کہیں بھی 15 روپے میں روٹی فروخت نہیں کی جارہی اور نہ ہی اس فیصلے پر عملدرآمد ہوا ہے۔

انہوں نے کہ کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں ہر حال میں مہنگائی کو کم کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔