عمران خان کے خلاف طاقت کے استعمال کی تجاویز دی جارہی ہیں اسد عمر

فیصلہ کرنے والے کان کھول کر سن لیں اگر درست فیصلے نہیں کریں گے تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، رہنما تحریک انصاف


ویب ڈیسک May 19, 2022
فیصلہ کرنے والے کان کھول کر سن لیں اگر درست فیصلے نہیں کریں گے تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، رہنما تحریک انصاف (فوٹو : فائل)

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف طاقت کے استعمال کی تجاویز دی جارہی ہیں اگر کوئی سمجھتا ہے کہ طاقت کے ذریعے عوامی ردعمل کو دبایا جاسکتا ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ رواں مالی سال کے حوالے سے نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے شرح نمو میں 6 فیصد اضافے کی میری بات کی تائید کی ہے، زراعت میں 4.4 فیصد گروتھ ہوئی، تین سال متواتر زراعت کی کارکردگی بہتر ہوئی جب کہ صنعتی ترقی میں بھی تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا تھا۔

اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تین سال میں 55 لاکھ سے زائد افراد کے لیے روزگار میں اضافہ ہوا، ایک کروڑ نوکریوں کا مذاق اڑانے والے سیاست دانوں اور تجزیہ کاروں کو پی ٹی آئی نے غلط ثابت کیا۔

انہوں نے کہا کہ اندونی و بیرونی سازش اور ضمیر خرید کر پاکستان میں حکومت کو گرایا گیا، معیشت کے اندر غیر یقینی صورتحال زہر ہوتی ہے اس لیے بہتری کا راستہ اب یہی ہے کہ انتخابات کا اعلان کیا جائے، انتخابات کا اعلان ہوگا تو سیاسی اور معاشی عدم استحکام ختم ہوجائے گا۔

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف طاقت کے استعمال کی تجاویز دی جارہی ہیں، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ طاقت سے کوئی عوامی ردعمل دبا سکتا ہے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، پاکستان کے عوام کا فیصلہ سب کو نظر آرہا ہے، عمران خان کسی سیاسی مقصد کے لیے جدوجہد نہیں کر رہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بالاکوٹ جیسے حملے سے پاکستان کو نقصان نہیں ہوا مگر عدم اعتماد سے نقصان ہوا، فیصلہ کرنے والے کان کھول کر سن لیں، اگر درست فیصلے نہیں کریں گے تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں