کراچی میں فائرنگ سے پولیس اہلکارزخمی، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

ویب ڈیسک  جمعرات 19 مئ 2022

کراچی: گارڈن بھیم پورہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔

تفصیلات کے مطابق گارڈن کے علاقے بھیم پورہ میں مسلح شخص کی فائرنگ سے پولیس اہلکار 45 سالہ اشرف ولد شیر محمد زخمی ہوگیا، اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اشرف کورٹ پولیس میں تعینات ہے، اشرف کو کندھے پر گولی لگی ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار بازار سے خریداری کے بعد موٹر سائیکل پر بیٹھا ہے اور اسی اثنا میں سامنے سے ایک ملزم پیدل آیا اور اہلکار پر فائرنگ کردی۔

پولیس اہلکار نے موٹر سائیکل سے اتر کر اسے پکڑنے کی کوشش کی اور دونوں گتھم گتھا ہوئے لیکن ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس اہلکار کو زخمی حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی نوعیت کا معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔