ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 6 ہزار580 میگاواٹ ہوگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مئ 2022
 ملک کے مختلف علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، ذرائع۔ فوٹو:فائل

ملک کے مختلف علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، ذرائع۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ملک میں بجلی کی پیداوار 19 ہزار 420 میگا واٹ رہ گئی جب کہ طلب 26 ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔ 

پاور ڈویژن ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایندھن کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوارمزید کم ہو گئی ہے اور بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 6 ہزار580 میگاواٹ ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  بجلی کی پیداوار 19 ہزار 420 میگاواٹ رہ گئی ہے  اور بجلی کی کل طلب 26 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے، اس وقت میں ملک کے مختلف علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اور نجی پاور پلانٹس کو کوئلے اور ایل این جی کی پوری مقدار نہیں مل رہی، ایندھن کی کمی سے کوئلے اور ایل این جی والے پلانٹس بند ہونے سے پیداوار میں کمی آئی، حکومت نے ایل این جی کے سودے کر لئے ہیں اور رسد کیلئے ڈالروں میں ادائیگی ضروری ہے، لیکن ادائیگی نہ ہونے سے ایندھن کی فراہمی نہیں ہو رہی۔

ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 1 ہزار 84 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 10 ہزار 156 میگاواٹ ہے، ہوا سے 700ہزار میگاواٹ سولر سے بجلی کی پیداوار 112 میگاواٹ ہے، بگاس سے چلنے والے پاور پلانٹس 166 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے بجلی کی پیداوار 2 ہزار 274 میگاواٹ ہے، پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 916 میگاواٹ ہے، بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 36 ہزار 39 میگاواٹ ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔