کوریا کا سندھ میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مئ 2022
(فوٹو : سندھ حکومت)

(فوٹو : سندھ حکومت)

 کراچی: کورین حکومت نے سندھ میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مقامی ہوٹل میں صوبائی سطح پر سرمایہ کاری بورڈ کے سیکریٹری بلال احمد نے کوریا کے پاکستان میں سفیر کو منصوبوں سے آگاہ کیا۔

سندھ میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے کوریا سے بات چیت جاری ہے جبکہ اس ضمن میں توانائی، پانی، انفرا اسٹرکچر کی تعمیر، تھرپارکر میں کوئلے کے پاور پلانٹس کے بارے میں کوریا کے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جہاں اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبوں پر کام جاری ہے وہیں سرمایہ کاروں کو بھی پرکشش مراعات دی جارہی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف صنعتوں میں باہمی اشتراک سے جہاں جدت کو فروغ دیا جا رہا ہے وہیں ہنرمندوں کی صلاحیتوں میں اضافہ بھی مدنظر رکھا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔