مالکن پر خونخوار شیر کا حملہ پالتو کتے نے ناکام بنا دیا

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مئ 2022
خاتون پر شیر کا حملہ کتے نے ناکام بنا دیا

خاتون پر شیر کا حملہ کتے نے ناکام بنا دیا

  واشنگٹن: پالتو کتے نے اپنی جان داؤ پر لگا کر مالکن کو پہاڑی شیر کے حملے میں لقمہ اجل بننے سے بچالیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہاڑی شیر کے خاتون پر حملے کا واقعہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اس وقت پیش آیا جس ایرن ولسن نامی خاتون اپنے پالتو کتے ایوا کے ہمراہ دریا کنارے ٹہلنے نکلیں۔

ایرن دریا کنارے چل قدمی کررہی تھی کہ اچانک پہاڑی شیر نے حملہ کیا جس کے باعث خاتون کے بائیں کندھے پر شدید زخم آئے جسے دیکھ کر خاتون گھبرا گئیں اور زور زور سے اپنے کتے کو پکارنے لگیں۔

مالکن کی آواز سن کر ایوا پہاڑی شیر پر چھپٹا مگر کتے کے حجم سے کئی گنا بڑے شیر نے کتے کے سر کو اپنے جبڑے میں دبا لیا۔

خاتون نے اپنے کتے کو چھڑانے کی ہر ممکن کوشش کی حتیٰ کہ شیر پر پتھر مارنے اور آنکھوں میں چھڑی بھی ماری مگر پہاڑی شیر نے کتے کو نہ چھوڑا، جس پر خاتون اپنی گاڑی سے آہنی راڈ لائی اور شیر پر حملہ کیا۔

خاتون کی ہمت اور مسلسل وار نے خونخوار پہاڑی شیر کو فرار ہونے پر مجبور کیا، جس کے بعد ایرن اپنے کتے ایوا کو لیکر جانوروں کے اسپتال پہنچی بعد ازاں خود بھی قریبی اسپتال سے طبی امداد حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔