کراچی میں فائرنگ سے چار بہنوں کا اکلوتا بھائی قتل

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مئ 2022
مقتول کی اگلے ماہ لاہور میں شادی طے تھی  فوٹو: فائل

مقتول کی اگلے ماہ لاہور میں شادی طے تھی فوٹو: فائل

 کراچی: ملیر میں واقع گلشن سینماروڈ پر چائے کے ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے نوجوان کوقتل کردیا۔ مقتول اسامہ چاربہنوں کاایک بھائی تھا اور اس کی 3 جون کولاہورمیں شادی طے تھی۔

تفصیلات کے مطابق جمعے اورہفتے کی درمیانی شب ملیر سٹی تھانے کےعلاقے ملیر میں واقع گلشن سینما روڈ پر چائے کے ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے نوجوان کوقتل کردیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول نوجوان کی شناخت 25 سالہ اسامہ حسین ولد شہزاد حسین کےنام سے کی گئی جو ہوٹل اور دکانوں میں مصالحے سپلائی کرنے کا کام کرتا تھا۔

ملیر سٹی تھانے کے ایس ایچ یونس نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول نوجوان کوجسم کے مختلف حصوں پرسات گولیاں لگی ہیں تاہم پولیس کو جائے وقوع سے پستول کے 6 خول ملے ہیں جو پولیس نے اپنے تحویل میں لےلیے ہیں۔

boy killed in karachi

انھوں نے بتایا کہ مقتول کے پاس قیمتی موبائل تھا جو کہ غائب ہے جبکہ مقتول کے پاس دس ہزار روپے بھی تھے جو اس کی جیب سے مل گئے۔ فوری طور واقعے کی نوعیت کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہو گا پولیس اس حوالے سے تفتیش کر رہی ہے۔

ادھر مقتول کے اہلخانہ شبہ ظاہر کیا ہے کہ مقتول کے موبائل فون پرکسی کی کال آئی ہے جس کے بعد وہ اپنی موٹر سائیکل سے گھر سے نکلا تھا۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد مقتول نوجوان کی لاش ورثا کے حوالے کردی، مقتول نوجوان کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز ظہرریلوے ہاؤس سوسائٹی ملیر میں ادا کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔