پٹرول کی قیمت میں اضافے کا ذمہ دار عمران خان ہے، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مئ 2022
مریم اورنگزیب(فوٹو فائل)

مریم اورنگزیب(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار سابق وزیراعظم کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدے پر دستخط کیے جس کی وجہ سے پٹرول مہنگا ہوا۔

ان خیالات کا اظہار رہنما مسلم لیگ ن و وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سربراہ پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آج پیٹرول جو مہنگا ہوا ہے اس کی وجہ عمران خان ہے، چار سال ملک پر مسلط رہ کر عمران خان نے معیشت کا قتل کیا اور آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط کیے جس کی وجہ سے پیٹرول مہنگا ہوا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود تسلیم کرلیا کہ وہ تیاری کرکے نہیں آئے تھے، ان کی ساری تیاری خونی مارچ، اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سپریم کورٹ کا حکم آیا اس وقت کوئی رکاوٹ نہیں تھی، آپ آوازیں مارتے رہے لیکن لوگ نہیں آئے، خیبرپختونخوا حکومت نے 35، 35 لاکھ روپے لانگ مارچ کے وسائل کیلئے دیے لیکن عمران خان 35 ہزار لوگ بھی اکٹھا نہ کر سکے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھاکہ عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ہی ہوں گے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان اتحادی حکومت کرے گی، آپ اپنے گھر جا کر بیٹھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔