فارن کرنسی اکاؤنٹس روشن ڈیجیٹل کھاتے اور بینک لاکرز فریز کرنے کی خبریں جھوٹ قرار
کھاتے داروں کے روشن ڈیجیٹل اور فارن کرنسی اکاؤنٹس سمیت بینک لاکرز محفوظ ہیں،اسٹیٹ بینک
اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ نے فارن کرنسی اکاؤنٹس، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور بینک لاکرز فریز کرنے کی اطلاعات کی تردید کردی، مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے حکومت پاکستان اور اسٹیٹ بینک کھاتے داروں کو یقین دلاتا ہے کہ ان کے اثاثے محفوظ ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کھاتے داروں کے فارن کرنسی اکاؤٹس، روش ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور بینک لاکرز محفوظ ہیں، فارن کرنسی اکاؤنٹس بشمول روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کو فارن کرنسی اکاؤنٹس (پروٹیکشن) آرڈیننس 2001ء کے تحت تحفظ حاصل ہے،اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور حکومت پاکستان تمام مالی اثاثوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور اسٹیٹ بینک ملک میں معاشی استحکام کے لیے ناگزیر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، اسٹیٹ بینک حکومت کی جانب سے پیٹرول پر سبسڈی کے خاتمے جیسے مشکل فیصلے سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی راہ ہموار کرکے آئی ایم ایف سے قسط وصولی اور دوست ملکوں سے مالی معاونت کو ممکن بنائے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور اسٹیٹ بینک کو پوری امید ہے کہ ان اقدامات سے عالمی کموڈیٹیز کی قیمتوں اور جیو پولیٹیکل حالات کی وجہ سے پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے اور معاشی بے یقینی کے خاتمے میں مدد ملےگی۔