وزیر اعظم ہاؤس آزاد کشمیر میں سیکیورٹی میں کوتاہی نامعلوم شخص وزیراعظم کے کمرے تک پہنچ گیا

نامعلوم شخص سیکورٹی کو چکمہ دے کر وزیراعظم کے کمرے تک پہنچ گیا تھا، پرنسپل سیکرٹری سمیت دو ڈی آئی جی معطل۔


ویب ڈیسک June 08, 2022
وزیراعظم آزاد کشمیر کو پہلے سے بھی سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے، ترجمان (فوٹو فائل)

JEDDAH: وزیر اعظم ہاؤس آزاد کشمیر کی سیکیورٹی میں مبینہ کوتاہی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم کا تمام حفاظتی عملہ تبدیل کردیا گیا۔

ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر ڈاکٹر عرفان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص سیکورٹی کو چکمہ دے کر وزیراعظم کے کمرے تک پہنچ گیا تھا، تاہم وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی بروقت توجہ پر نامعلوم شخص فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

واقعہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب پیش آیا، جس کے بعد تمام سیکیورٹی عملہ تبدیل کرنے کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے پرنسپل سیکرٹری سمیت دو ڈی آئی جی معطل کردیے۔ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر کے مطابق مظفرآباد واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عرفان نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس انتہائی حساس علاقے میں واقع ہے، یہاں سیکیورٹی کے معاملے میں کوتاہی ممکن نہیں۔اس واقعے میں ممکنہ طور پر کوئی اندر کا آدمی ملوث ہو سکتا ہے کیوں کہ واقعہ کے وقت سیکیورٹی کیمرے اور خودکار حفاظتی نظام کا غیر مؤثر ہو جانا واقعے کو مشکوک بنا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو پہلے سے بھی سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر کی رہائش گاہ سے پولیس جوان کو اٹھانے سے متعلق خبر چلنے پر اسلام آباد پولیس نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوان اپنی معمول کی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ اس سلسلے میں چلنے والی خبر درست بے بنیاد ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق جوانوں کو حکم ملا تھا کہ وہ اپنی پوزیشن بتائیں اور تصویر بنا کر بھیجیں، جس پر پولیس جوان گلی میں تصویر بنانے لگے تو گیٹ پر تعینات پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ نے منع کیا۔

اس موقع پر پولیس جوان اور سکیورٹی گارڈ کے مابین تلخ کلامی بھی ہوئی۔اسی دوران تھانہ مارگلہ کے گشت آفیسر موقع پر پہنچے اور معاملے کے متعلق پوچھ گچھ کی۔ سکیورٹی گارڈ خود تھانے آیا اور بتایا کہ میری غلطی تھی۔ بعد ازاں پولیس جوان اور سکیورٹی گارڈ نے صلح کرلی۔

ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس کی طرف سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی رہائش گاہ سے کسی پولیس جوان کو اٹھانے کی خبر مکمل بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں