وفاقی بجٹ پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی سخت اضافی نفری تعینات

بجٹ اجلاس میں صرف وہی شخصیات شریک ہو سکیں گی، جنہیں اس سلسلے میں باقاعدہ مدعو کیا گیا ہے۔


ویب ڈیسک June 10, 2022
غیر متعلقہ افراد کی پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے پر پابندی ہوگی (فوٹو فائل)

وفاقی بجٹ 2022-23 آج پیش کیا جائے گا، اس سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی بجٹ اجلاس کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ایوان کے باہر پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق غیر متعلقہ افراد کی پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے پر پابندی ہوگی جب کہ اجلاس میں صرف وہی شخصیات شریک ہو سکیں گی، جنہیں اس سلسلے میں باقاعدہ مدعو کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی بجٹ 2022-23 آج پیش کیا جائے گا۔ اس سے قبل متحدہ حکومت کا اہم اجلاس آج دوپہر 2 بجے کمیٹی روم نمبر 2 میں ہوگا، جس کی صدارت وزیراعظم شہبازشریف کریں گے اور بجٹ سے متعلق اتحادیوں کو اعتماد میں لیں گے۔

اجلاس میں حکومتی اتحادیوں کے ارکان قومی اسمبلی شریک ہوں گے جنہیں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل بریفنگ دیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ شب حکومتی اتحادیوں کے اعزاز میں سابق صدر آصف علی زرداری نے عشائیہ دیا تھا، جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری قرنطینہ کے باعث شریک نہیں ہوسکے تھے۔کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد آج بلاول بھٹو کا بھی اہم مشاورتی اجلاس میں شریک ہونے کا امکان ہے۔

وفاقی حکومت نے بجٹ اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کرلی ہے۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل فنانس بل 2022 بھی ایوان کے سامنے رکھیں گے۔ بجٹ دستاویزات سہ پہر 3 بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا دی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں