جس ملک میں شراب پر پابندی نہیں، وہاں کوکومو بیچنے کیلیے چاکلیٹ پر پابندی ہے، بابر اعوان

ویب ڈیسک  منگل 21 جون 2022
ابھی مہنگائی آئی ہے، پندرہ دن بعد تباہی آنے والی ہے، رہنما پی ٹی آئی (فوٹو فائل)

ابھی مہنگائی آئی ہے، پندرہ دن بعد تباہی آنے والی ہے، رہنما پی ٹی آئی (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ جس ملک میں شراب پر پابندی نہیں، اس ملک میں بچوں کی چاکلیٹ پر پابندی ہے، تاکہ اپنی کوکومو بیچی جا سکے۔

احتساب عدالت اسلام آباد  کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے مزید کہا کہ احتساب عدالت کی عمارت سائفر نوازش سازش اور مداخلت کے بعد خالی ہونے جا رہی ہے۔ سائفر کا نتیجہ گرینڈ این آر او ٹو تھا۔

بابر اعوان نے کہا کہ فیٹف قانون سازی کے وقت ایک ترمیمی ایجنڈا پیش کیا گیا تھا۔  117 بڑے مقدمات کو سامنے رکھ کر 34 نقاطی ترمیمی ایجنڈا ترتیب دیا گیا  تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں شراب پر پابندی نہیں اس ملک میں بچوں کی چاکلیٹ پر پابندی ہے  تاکہ اپنی کوکو مومو بیچی جاسکے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے بابر اعوان نے مزید کہا کہ پٹرول اور چینی کو مصنوعی بحران کہنے والے آج کہتے ہیں چائے بھی چھوڑ دو ۔ ڈالر 212 تک پہنچ چکا ہے۔ ابھی مہنگائی آئی ہے، پندرہ دن بعد تباہی آنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی حکومت لوگوں کے ذریعے آتی ہے، جب کہ یہاں ایلیٹ کی حکومت ایلیٹ کے ذریعے بنائی گئی۔ عمران خان سے خوف زدہ ہونا چھوڑ دو۔ بابر اعوان نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کا جواب دے کہ سرکاری ملازم کس کی اجازت سے اسرائیل گیا ؟۔ سرکاری ملازم کی واپسی پر اس سے کوئی تحقیقات ہوئی کہ وہ اسرائیل کیوں گیا؟۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ ناموس رسالت پر ہماری جان بھی قربان ہے۔  اسرائیل کو کسی قیمت پر تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گیے۔  اسرائیل کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت جلد دوبارہ آنے والے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔