چوہدری مونس الہی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں ایف آئی اے کی جانب سے محمد نواز بھٹی چپڑاسی کے 32 بینک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں جواب جمع کروا دیا۔ چوہدری مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ محمد نواز بھٹی چپڑاسی کے 32 بینک اکاؤنٹس ہیں۔
ایف آئی اے کے نواز بھٹی چپڑاسی سے متعلق سوالات پر مونس الہیٰ نے نواز چپڑاسی کو جاننے سے انکار کیا ہے جب کہ نواز بھٹی کے شئیرز سے متعلق بھی نفی میں جواب آیا ہے۔
مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ نواز بھٹی چپڑاسی کے اکاؤنٹس سے متعلق بھی معلوم نہیں، میں محمد نواز بھٹی کو نہیں جانتا، مجھے بھائی راکیش الہی نے شئیرز تحفے میں دیے جس سے ایکس کیپٹل لیمیٹڈ کے ذریعے 16.2 فیصد شئیرز حاصل کیے۔
مونس الہٰی نے جواب داخل کیا ہے کہ کہا کہ 18.63 فیصد شئیرز انویسٹمنٹ کر کے ''ایم ای کیپٹل لیمیٹڈ'' کے ذریعے لیے، 'آر وائے کے' گروپ بنانے میں کوئی کردار نہیں البتہ عمر شہریار سے کاروباری تعلق ہے، ایف بی آر میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں سب کچھ واضح ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے مونس الہٰی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 24 ارب روپے کی منی لانڈرگ کی تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے نے مونس الہی سے 33 سوالات کے جوابات مانگے تھے۔