کووڈ ویکسین نے عالمی سطح پر تقریباً دو کروڑ لوگوں کی زندگیاں بچائیں تحقیق

تحقیق کے رہنما اولیور واٹسن کا کہنا تھا کہ اگر ویکسین دستیاب نہیں ہوتیں تو اموات کی تعداد خطرناک حد تک ہوتیں


ویب ڈیسک June 26, 2022
(فائل: فوٹو)

محققین کا کہنا ہے کہ کووڈ-19 کی ویکسین نے عالمی سطح پر تقریباً دو کروڑ لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔

برطانیہ کے امپیریئل کالج لندن میں ہونے والی یہ نئی تحقیق 185 ممالک کے ویکسینیشن کی شرح، کورونا وائرس سے ہونے والی اموات اور اضافی اموات کے ڈیٹا کے تجزیے پر مبنی تھی۔

تحقیق کے رہنما اولیور واٹسن کا کہنا تھا کہ اگر ویکسین دستیاب نہیں ہوتیں تو اموات کی تعداد خطرناک حد تک ہوتیں۔

محقق کا کہنا تھا کہ جانبداری نے ویکسین کی تقسیم میں بگاڑ پیدا کیا لیکن ویکسینیشن کی وجہ سے دنیا بھر میں تقریباً 1 کروڑ 98 لاکھ اضافی اموات روکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج اس چیز کی پیمائش کرتے ہیں کہ اگر یہ ویکسینز نہ ہوتیں تو یہ عالمی وباء کتنی تباہ کن ہوسکتی تھی۔

اولیور کی تحقیقاتی ٹیم کی ماڈلنگ، جس میں چین میں ہونے والی اموات کی غیر یقینی تعداد شامل نہیں تھی، کو معلوم ہوا کہ ویکسین کی خوراکوں نے بھارت میں 42 لاکھ زندگیاں اور امریکا میں 19 لاکھ زندگیاں بچائیں۔

لانسیٹ انفیکشس ڈِیزیز جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ویکسین سے برازیل میں 10 لاکھ، فرانس میں 6 لاکھ 31 ہزار اور برطانیہ میں 5 لاکھ 7 ہزار افراد کی زندگیاں بچیں۔

سی ایٹل کے ایک ادارے میں تحقیق کرنے والے سائنس دانوں کے گروپ نے حال ہی میں اندازہ لگایا کہ کووڈ ویکسین کی وجہ سے 1 کروڑ 63 لاکھ زندگیاں بچیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں