قصبہ کالونی، اورنگی ٹاؤن: 4 ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے، 1 ہلاک

ویب ڈیسک  پير 27 جون 2022
شہریوں نے لوٹ مار کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا (فوٹو فائل)

شہریوں نے لوٹ مار کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا (فوٹو فائل)

 کراچی: شہر کے علاقوں قصبہ کالونی اور اورنگی ٹاؤن میں شہریوں نے 4 ڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ۔

پیرآباد اور پاکستان بازار پولیس نے ہلاک و زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کیا ۔ پولیس کے مطابق قصبہ کالونی ڈھائی نمبر امام بارگاہ یوسی 8 پارک کے قریب شہریوں نے لوٹ مار کرنے والے 3 ڈاکوؤں کو پکڑا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے پہنچنے تک شہریوں نے ایک 20 سالہ ڈاکو کو تشدد کے دوران ہلاک اور 18 و 21 سالہ کو شدید زخمی کر دیا تھا ۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے کی لاش اور  زخمی ڈاکوؤں کو شہریوں کے چنگل سے چھڑا کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ڈاکوؤں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ اُدھر پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن جوہر چوک کے قریب شہریوں نے لوٹ مار کر کے فرار ہونے والے 2 ڈاکوؤں میں سے ایک کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔  بعد ازاں پولیس پہنچنے پر اسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے دونوں واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔

دریں اثنا سچل پولیس نے سفورا محمد خان گوٹھ سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ۔ پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت ضیا الرحمٰن ولد شمس الرحمٰن کے نام سے کی گئی ، جس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن ، موبائل فون نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔

علاوہ ازیں ناردرن بائی پاس ، صدر اور سہراب گوٹھ الا آصف اسکوائر کے قریب فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ سائٹ سپرہائی وے کے علاقے ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 32 سالہ حدیث ولد علی نواز کے نام سے کی گئی۔

صدر کے علاقے میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا جس کی شناخت 17 سالہ علی احمد ولد عقیل احمد کے نام سے کی گئی ۔سچل کے علاقے سہراب گوٹھ الا آصف اسکوائر پنجاب بس اسٹاپ کے قریب جھگڑے کے دوران ڈنڈے کے وار سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 23 سالہ زاہد شاہ ولد داؤد شاہ کے نام سے کی گئی ۔  پولیس واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔