ادارے نیوٹرل رہیں گے تو پی ٹی آئی جیسی غیر جمہوری جماعت جیت نہیں سکتی بلاول

لاڑکانہ سے الیکشن جیتنے پر ہم پر دھاندلی کا الزام لگتا ہے،یہ کس قسم کا مذاق ہے، قومی اسمبلی میں اظہار خیال


ویب ڈیسک June 29, 2022
پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت اور شفاف الیکشن کے لیے تین نسلوں سے جدوجہد کر رہی ہے، وزیرخارجہ

NEW DELHI: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر ادارے نیوٹرل رہیں گے تو غیر جمہوری جماعتیں جیسے عمران خان کی جماعت جیت نہیں سکتی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جناب اسپیکر آپ کی کم تعداد کے باوجود اپوزیشن کو زیادہ اور بھرپور موقع دے رہے ہیں، مجھے اندازہ نہیں کہ ایسے بھی اسمبلی چل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جن مسائل کا سامنا کررہے ہیں، ہمیں اس کا اندازہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت، صاف شفاف الیکشن اور عوام کے معاشی حقوق کے لیے تین نسلوں سے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم ہر آمر اور ظالم کا سامنا کرکے آئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کو دھاندلی کے باوجود حکومت کا موقع ملا، اس ملک میں پیپلز پارٹی کے خلاف دھاندلی ہوتی تھی، شہید محترمہ بے نظیر اور بھٹو کی جماعت کو روکنے کے لیے دھاندلی ہوتی تھی، لیکن یہ جیت نہیں سکتے۔

وزیر خارجہ نے سابق وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کو شکایت ہے کہ ادارے نیوٹرل کیسے ہو گئے۔ اگر ادارے نیوٹرل رہیں گے تو غیر جمہوری جماعتیں جیسے عمران خان کی جماعت جیت نہیں سکتی۔ خان صاحب کی طرح سندھ میں بھی کچھ کٹھ پتلی سیاست دان ہیں جن کو سامنے لایا جاتا ہے۔ انہیں معلوم ہے کہ 2018 میں دھاندلی سے یہاں آئے، جب صاف شفاف الیکشن ہوں گے تو انہیں بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔

الیکشن سے ایک دن پہلے یہ سارے سندھ ہائی کورٹ جمع ہوئے تھے کہ الیکشن سے بھاگیں، ابھی سے ان کا رونا شروع ہوگیا، ابھی انہوں نے مزید رونا دھونا ہے ۔ فیز ٹو میں بھی ہمارے مخالفوں کی ضمانت ضبط ہو جائے گی۔ ان کا خوف یہ ہے کہ ادارے مداخلت نہیں کریں گے اور اگر مداخلت نہیں ہوتی تو پیپلزپارٹی جیتے گی۔ لاڑکانہ سے الیکشن جیتنے پر ہم پر دھاندلی کا الزام لگتا ہے،یہ کس قسم کا مذاق ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں