سندھ ریونیو بورڈ 153 ارب روپے سے زائد ریکارڈ ٹیکس جمع کرنے میں کامیاب

ویب ڈیسک  جمعـء 1 جولائی 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 کراچی: سندھ ریونیو بورڈ نے 22-2021 کیلئے 153.5 ارب روپے اکٹھے کر کے اپنے 150 ارب روپے کے ہدف کو عبور کر لیا جو کہ مالی سال 22-2021 کے (ہدف) سے 3.5 ارب روپے اضافہ ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ بات جمعہ کو اس وقت سامنے آئی جب چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ نے گزشتہ مالی سال کی مجموعی وصولی کی تفصیلات پیش کیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ایس آر بی نے مالی سال 22-2021 کیلئے 153.5 ارب روپے ٹیکس جمع کرکے ایک اور سنگ میل عبور کیا اور اپنی کوششوں میں کامیابی حاصل کی۔

مذکورہ رقم سروسز پر سندھ سیلز ٹیکس کی مد میں جمع کیے گئے 145.3 ارب روپے پر مشتمل ہے جب کہ سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ/سندھ ورکرز پرافٹ پارٹیسی پیشن فنڈ کے تحت 8.2 ارب روپے وصول کئے گئے۔

اس طرح SRB نے مقررہ ہدف 150 ارب روپے سے 3.5 ارب روپے زیادہ وصولی کی لہٰذہ گزشتہ سال 128.1 ارب روپے کی وصولی کے نتیجے میں 20 فیصد اضافہ ہے۔

ایس آر بی کی جانب سے حاصل کردہ ترقی اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم ہے کہ سال 22-2021میں ٹیکس کی تعمیل کا ایک مضبوط کلچر قائم کرنے کیلئے کسی ایمنسٹی اسکیم کا اعلان نہیں کیا گیا تھا جب کہ ماضی میں ایسی سکیموں سے تقریباً 2 سے 3 ارب اضافی ریونیو حاصل ہوتا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مثالی کارکردگی پر ایس آر بی کے چیئرمین اور انکی پوری ٹیم جب کہ ٹیکس دہندگان اور انکے نمائندہ اداروں کے تعاون کو بھی سراہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔