کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، 2 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 6 جولائی 2022
کراچی میں نوجولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات:فوٹو:فائل

کراچی میں نوجولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات:فوٹو:فائل

کراچی میں شدید بارش کے باعث دیوار اور مکان گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اورتیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ملیر کے علاقے کھوکھرا پار میں دیوار گرنے سے15 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔

نارتھ کراچی سیون سی گلی نمبر 16 کے قریب مکان زمیں بوس ہوگیا جس کے ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی۔ 4سالہ بچے کی شناخت علی مہدی کے نام سے ہوئی۔

نیوکراچی ،سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی  اورنادرن بائی پاس پر موسلا دھار بارش ہوئی۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہرکے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون کا سلسلہ بدستور سندھ میں داخل ہورہا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کی صبح ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

اسکیم 33، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس، ڈیفنس فیز ون ، بہادر آباد،گلستان جوہر اور دیگر علاقوں میں ہلکی اورتیز بارش ہوئی۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے دفاتر جانے والے افراد اورموٹر سائیکل سواروں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کلفٹن ،شارع فیصل اوراطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے نو جولائی تک شہر میں شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ  بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔