نیٹ فلکس پر کون سی ویب سیریز سب سے زیادہ دیکھی گئی؟

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جولائی 2022
 ’اسٹرینجر تھنگز 4‘ کو دنیا بھر میں  نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھا گیا(فائل فوٹو)

’اسٹرینجر تھنگز 4‘ کو دنیا بھر میں نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھا گیا(فائل فوٹو)

نیویارک: معروف امریکی ہارر ویب سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ نیٹ فلکس پر اب تک سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سیریز  قرار دے دی گئی۔

آن لائن اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ معروف سیریز ‘اسٹرینجر تھنگز’ کے تازہ ترین چوتھے سیزن نے پچھلے تمام ریکارڈز توڑتے ہوئے نیا ریکارڈ بنا لیا ہے جوکہ ایک ارب 15 کروڑ سے زائد گھنٹوں تک دیکھا جا چکا ہے۔

اسٹریمنگ سروس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ اسٹرینجر تھنگز 91 ممالک میں نیٹ فلکس کی ٹاپ 10 فہرست میں بھی نمبر ون پر ہے، یہ ریکارڈ پہلی بار کسی انگریزی زبان کی ٹی وی سیریز کے حصے میں آیا ہے۔


View this post on Instagram

A post shared by Netflix US (@netflix)

اسٹریمنگ سروس کے مطابق 30 مئی سے 5 جون کے دوران سیریز کو 7 ارب 20 کروڑ منٹس تک دیکھا گیا جس کے ساتھ ہی اسٹرینجر تھنگز نے باآسانی چارٹ پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ یہ اعزاز پہلے اسکوئیڈ گیم  کے پاس تھا جو کہ اب چارٹ پر دوسرے نمبر پر ہے۔

یہی نہیں بلکہ گزشتہ ہفتے اسٹرینجر تھنگز کے چوتھے سیزن کی آخری 2 قسط ریلیز ہونے کے  بعد مداحوں کی اتنی بڑی تعداد نے بیک وقت نیٹ فلکس کا رُخ کیا کہ آن لائن اسٹریمنگ سروس کریش کر گئی۔

اسٹرینجر تھنگز کے تازہ سیزن نے نہ صرف کئی ریکارڈ توڑ ڈالے بلکہ اس نے امریکی گلوکارہ کیٹ بش کے 1985 میں گائے گئے گانے ’رننگ اپ دیٹ ہل‘ کو بھی ریلیز کے 37 سال بعد  امریکی میوزک چارٹ میں سب سے اوپر پہنچا دیا جوکہ چوتھے سیزن میں شامل کیا گیا تھا۔


واضح رہے کہ اسٹرینجر تھنگز کے پانچویں اور آخری سیزن کے ریلیز کا اعلان بھی سامنے آچکا ہے جوکہ 2024 میں دیکھنے کو ملے گا۔

اس سریز کی کہانی ایک  خاص دماغی قوتوں کی حامل  لڑکی اور ہاکنز کے شہریوں کے گرد گھومتی ہے جہاں کہ سرکاری  لیب میں دوسری دنیا کی ایسی خوفناک قوت کو جنم دیا گیا تھا جس نے اب پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں  لے کر تباہی پھیلانا شروع کر دی  ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔