اسپورٹس بورڈ نے کامن ویلتھ گیمز دستے سے بیڈمنٹن ٹیم کو نکال دیا
اسپورٹس بورڈ کا اقدام کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی ہے, صدر بیڈمنٹن فیڈریشن
GENEVA:
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کامن ویلتھ گیمز دستے سے اچانک بیڈمنٹن ٹیم کو نکال دیا، بیڈمنٹن فیڈریشن کے صدر نے پی ایس بی کے اقدام کو کھلاڑیوں کے ساتھ زیادہ قرار دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کامن ویلتھ گیمز کےلیے بیڈمنٹن کھلاڑیوں کی ایکریڈیٹیشن ہوچکی ہے، اس کے باوجود پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بیڈمنٹن ٹیم کو دستے سے نکال دیا۔
پی ایس بی کے اقدام کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے صدر بیڈمنٹن فیڈریشن واجد علی کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ ٹیم کے اخراجات اٹھا سکے، اسپورٹس بورڈ کا اقدام کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
صدر واجد علی نے بیڈمنٹن ٹیم کو کامن ویلتھ کے دستے سے نکالنے کا معاملہ پی او اے کے سامنے اٹھانے کا عزم ظاہر کردیا۔
نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کھلاڑی ماہور شہزاد کا کہنا تھا کہ دستے سے نام نکالے جانے کا سن کر افسوس ہوا، سب کچھ فائنل ہوچکا اب یہ خبر سننے کو ملی یے۔
گزشتہ روز قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں ڈبل کراؤن حاصل کرنے والی ماہور شہزاد نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز جیسے اہم مقابلوں کے لیے لاہور میں منعقدہ قومی تربیتی کیمپ میں بھرپور ٹریننگ کی تھی لیکن اچانک فنڈزکی عدم دستیابی کی بنیاد پر پی ایس بی نے پاکستان بیڈمنٹن ٹیم کو بھیجنے سے انکار کردیا، یہ میرے نزدیک انتہائی افسوناک ہے۔
واضح رہے کہ اولمپک سولیڈیریٹی کی جانب سے اولمپک اسکالر شپ کے لیے منتخب12 پاکستانی کھلاڑیوں میں ماہور شہزاد بھی شامل ہیں۔
28 جولائی سے برطانوی شہر برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے لیے پاکستان بیڈمنٹن ٹیم میں ماہور شہزاد، غزالہ ٹبی، حامد عرفان،مراد علی،ظفر( کوچ) اور پرویز بٹ(منیجر) شامل تھے۔