حجاج نے رات مزدلفہ میں گزاری آج رمی اور قربانی کریں گے

اللہ کے مہمان طواف زیارت کے لیے پیدل اور گاڑیوں کے ذریعے مسجد الحرام پہنچنا شروع ہوگئے


ویب ڈیسک July 09, 2022
حجاج کرام 10 ذوالحجہ کو رمی کرتے ہوئے جمرہ عقبہ پر کنکریاں مار رہے ہیں (فوٹو ٹوئٹر)

PESHAWAR: سعودی عرب میں حجاج کرام نے گزشتہ شب مزدلفہ میں گزاری جہاں عبادت کے ساتھ رمی جمرات کے لیے کنکریاں چننے کے بعد حجاج کرام فجر ادا کرکے منیٰ واپس پہنچے۔

کورونا کے باعث عائد پابندیوں کی وجہ سے 2 برس کے وقفے کے بعد 10 لاکھ عازمین حج نے رواں برس فریضہ ادا کیا۔ اس سلسلے میں مناسک اب آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ حجاج کرام آج 10 ذوالحجہ کو منیٰ میں زوال کے وقت سے پہلے صرف جمرہ عقبیٰ کو کنکریاں ماریں گے۔

رمی کے بعد حجاج کرام قربانی کی تصدیق ہوتے ہی حلق (بال منڈوانا) کر اپنا احرام کھول دیں گے۔ اس کے بعد گیارہ اور بارہ ذوالحج کو دیگر دو جمرات یعنی جمرہ اولیٰ اور جمرہ وسطیٰ سمیت تینوں جمروں پر کنکریاں ماری جائیں گی۔

احرام کی پابندیوں سے نکلنے کے بعد حجاج کرام کی بڑی تعداد مسجد الحرام میں طواف زیارت کے لیے پہنچنا شروع ہو چکی ہے۔ اس سلسلے میں حجاج جہاں بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچ کر طواف زیارت کررہے ہیں، وہیں بہت بڑی تعداد منیٰ سے پیدل ہی مسجد الحرام کی جانب گامزن ہے۔

قبل ازیں حجاج نے 9 ذوالحج کا دن میدان عرفات میں گزارا، جہاں انہوں نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا۔ آج پہلے دن کی رمی، قربانی، حلق اور طواف زیارت کے بعد حجاج 11 اور 12 ذوالحج کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے۔ اس دوران وہ تینوں دن کی رمی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں