ریا چکرورتی پر منشیات وصول کرکے سشانت تک پہنچانے کا الزام عائد

اداکار سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے


ویب ڈیسک July 13, 2022
سشانت کے گھر والوں نے الزام لگایاکہ ریا نے سشانت سے پیسے کے لیے تعلقات قائم کیے(فائل فوٹو)

ISLAMABAD: نارکوٹکس بیورو نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ اور اداکارہ ریا چکرورتی پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نےکئی بار منشیات و صول کرکے سشانت تک پہنچائی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار سشانت سنگھ راجپوت سے متعلق منشیات کے معاملے میں حال ہی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے ملزمان کے خلاف تجویز کردہ الزامات کے مسودے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اداکارہ ریا چکرورتی نے کئی بار منشیات وصول کرکے اداکار کے حوالے کرتی رہیں۔

مسودے میں مزید کہا گیا ہے کہ ریا کو سشانت کے گھر کے منیجر، اداکارہ کے بھائی شوک چکرورتی اورگھر کے عملے سے گانجے کی ڈیلیوری ملی جسے بعد ازاں انہوں نے سشانت سنگھ تک پہنچایا۔

این سی بی کا کہنا ہے کہ ریا چکرورتی نے مارچ 2020 سے ستمبر 2020 کے درمیان شوک اور سشانت کے نام پر منگوائی گئی منشیات کی ڈیلیوری کے لیے ادائیگی کی ساتھ ہی ریا نے غیر قانونی اسمگلنگ اور مجرموں کو پناہ دینے سے متعلق ایکٹ کے سیکشن 27 اے کی سخت شق کی خلاف ورزی کی۔


اس غیر قانونی عمل کیلئے اداکارہ کو کم سے کم 10 سال جبکہ زیادہ سے زیادہ 20 سال کی قید ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ 34 سالہ مشہور بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد سشانت کے گھر والوں نے ان کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی پر اداکار کے قتل کا الزام عائد کیا تھا۔

سشانت کے گھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایاکہ انہوں نے سشانت سے پیسے کے لیے تعلقات قائم کیے، اسے نشے کا عادی بنایا ، اسے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کردیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا۔

سشانت سنگھ کے گھر والوں نےریا چکرورتی کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھاجس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا تاہم اداکارہ اور ان کے والدین نے ان الزامات کو من گھڑت قرار دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں