سوشل میڈیا پر شہریوں کی کردار کشی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

وزیر داخلہ کی ایف آئی اے، پی ٹی اے اور دیگر اداروں کو فعال اور بلاتفریق کارروائی کی ہدایت


ویب ڈیسک July 15, 2022
بلیک میلنگ اور غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے پر سخت کارروائی ہوگی (فوٹو فائل)

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں سوشل میڈیا پر شہریوں کی کردار کشی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اجلاس میں سوشل میڈیا پر شہریوں کی ہراسگی، غیر اخلاقی مواد،بلیک میلنگ اور کردار کشی سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا اور ایسے جرائم کے ذریعے شہریوں کی ساکھ خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤسردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے، قائم مقام چیئرمین نادرا بریگیڈیئر (ر) خالد لطیف اور دیگر حکام شریک تھے۔

وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں ہراسگی اور کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنےکے معاملے پر PECA 2016 میں ضروری ترامیم لانے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو سوشل میڈیا پر ہراسگی، کردارکشی اور توہین آمیز مواد روکنے کے لیے قانون سازی اورانتظامی اقدامات کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لے گا۔

ورکنگ گروپ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے کے بعد اپنی مرتب شدہ سفارشات وزارت داخلہ کو پیش کرے گا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پرتوہین آمیز مواد اور شہریوں کی کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عوامل معاشرے میں انارکی کا سبب بنتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شہریوں کی عزت نفس محفوظ بنانے، ہراسگی اور بلیک میلنگ سے بچانے کے لیے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور دیگر ادارے فعال اور بلاتفریق کردار ادا کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں