مسجد الحرام اور مسجد النبوی میں نماز کے لیے پرمٹ کی شرط ختم

ویب ڈیسک  اتوار 17 جولائی 2022
وبا کا شکار اور متاثرہ مریض سے ملاقات کرنے والے افراد حرمین میں  جانے سے اجتناب برتیں، حکام (فوٹو فائل)

وبا کا شکار اور متاثرہ مریض سے ملاقات کرنے والے افراد حرمین میں جانے سے اجتناب برتیں، حکام (فوٹو فائل)

ریاض: سعودی حکام نے مسجد الحرام اور مسجد النبوی میں نمازوں کے لیے پرمٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے کہ حرمین شریفین میں نمازوں کے لیے پرمٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے، تاہم نمازوں کی ادائیگی کے لیے کورونا میں مبتلا نہ ہونے کی بنیادی شرط بدستور برقرار رہے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق پرمٹ کی شرط ختم کرنے سے متعلق جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت حج و عمرہ نے نمازوں کے لیے اعتمرنا یا توکلنا موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پیشگی بکنگ کی شرط کو ختم کردیا ہے، جس کے بعد کوئی بھی ایسا شخص جو عالمی وبا کورونا کا شکار نہ ہو،  حرمین میں نماز ادا کر سکتا ہے، تاہم وبا کا شکار اور کسی متاثرہ مریض سے ملاقات کرنے والے افراد حرمین میں  جانے سے اجتناب برتیں۔

علاوہ ازیں حرمین شریفین میں جانے کے لیے ویکسی نیشن کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے، جس کے بعد ایسے افراد جن کی تاحال ویکسی نیشن نہیں ہوئی یا نامکمل ہے، وہ بھی حرمین میں نماز کے لیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ کورونا وائرس کا شکار نہ ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حرم مکی اور حرم مدنی میں نمازوں کی ادائیگی کے لیے موبائل ایپلی کیشن اعتمرنا پر پیشگی بکنگ کرانا لازمی قرار دیا گیا تھا، جہاں پر مقررہ وقت کے لیے باقاعدہ پرمٹ جاری کیا جاتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔