ناردن بائی پاس پر بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج

کے الیکٹرک کی طرف سے اضافی بلنگ کے باوجود دن اور رات کےا وقات میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے،مظاہرین


ویب ڈیسک August 08, 2022
فوٹو:فائل

بلدیہ ناردرن بائی پاس پر علاقہ مکینوں نے بدترین لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم دستیابی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلدیہ ٹاؤن 4 نمبر حب ریور روڈ ناردرن بائی پاس پر علاقہ مکینوں ںے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

اس موقع پر احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے ہمیں سڑکوں پر آکر احتجاج پر مجبور کر دیا ہے ، گرمی اور حبس میں گھر کے اندر رہنا محال ہوگیا ہے خصوصاً خواتین ، بچے اور بزرگ بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

مظاہرین کاکہنا تھا کہ بجلی کی عدم فراہمی کے ساتھ ساتھ پانی کے بحران کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ عام تعطیل کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ حیران کن ہے۔

احتجاج میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا نیپرا حکام بھی کے الیکٹرک انتظامیہ کے سامنے بے بس دکھائی دیتے ہیں جبکہ کے الیکٹرک کو بجلی کے فی یونٹ میں اضافے کے ساتھ ساتھ فیول ایڈجسمنٹ کی منظوری بھی دی جا رہی ہے جو بلوں میں لگا کر صارفین سے وصول کیے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود شہر بھر میں دن اور رات میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو اعصاب شکن صورتحال سے دوچار کیا ہوا ہے۔

احتجاج کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو مذاکرات کے بعد پرامن طور پر منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر کیے جانے والے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس کے عملے نے موقع پر پہنچ کر گاڑیاں کو متبادل راستوں بلدیہ چوکی سے رشید آباد لیبر اسکوائر اور ناردرن بائی پاس سے ڈبہ موڑ کی جانب بھیج دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں