بستر پر لیٹے رہنے والے مریضوں کوجسمانی ناسور سے بچانے والے سینسر تیار

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اگست 2022
آسٹریلوی ماہرین نے آپٹیکل فائبر سینسر کی مدد سے لیٹے رہنے والے مریضوں کے جسم میں ناسور بننے سے روکنے کا ایک نیا نظام بنایا ہے۔ فوٹو: فائل

آسٹریلوی ماہرین نے آپٹیکل فائبر سینسر کی مدد سے لیٹے رہنے والے مریضوں کے جسم میں ناسور بننے سے روکنے کا ایک نیا نظام بنایا ہے۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا: مسلسل بستر تک محدود رہنے والے مریضوں کی کمراور رانوں کے پچھلے حصے پر گہرے زخم اور ناسور (بیڈ سور) بن جاتے ہیں جنہیں اب ٹیکنالوجی کی مدد سے روکا جاسکتا ہے۔

اس ضمن میں روشنی خارج کرنے والے آپٹیکل فائبر سینسر بنائے گئے ہیں جو ان مریضوں کی زندگی آسان اور محفوظ بناسکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف ساؤتھ آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے ایک باریک اور کم خرچ آپٹیکل فائبر سینسر بنایا ہے جنہیں بسترکی سطح پر لگایا جاسکتا ہے۔ سینسر وقفے وقفے سے روشنی خارج کرکے جلد کی کیفیات کا جائزہ لیتا رہتا ہے۔

فائبرتار میں روشنی ایک سرے سےداخل ہوتی ہے اور دوسرے کنارے سے باہر نکل جاتی ہے۔ اس دوران ڈاکٹر دیکھتے رہتے ہیں کہ تار کس جگہ سے دباؤ میں آیا ہے اور مریض کی حرکت سے روشنی کے بہاؤ میں کیا کچھ تبدیلیاں پیدا ہورہی ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مریض خود کو کتنا ہلا جلا رہا ہے۔ دوسری جانب دل کی دھڑکن اور سانس کی رفتار بھی معلوم کی جاسکتی ہے۔

اگرمریض بدن کو نہیں ہلاتا تو اس سےناسور بننے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایسے مریضوں کو بار بار کروٹ بدلتے رہنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔

تحقیق سے وابستہ یونیورسٹی آف ساؤتھ آسٹریلیا کے مرکزی سائنسداں ڈاکٹر اسٹیفن وارن اسمتھ کہتے ہیں کہ سینسر بتاتا ہے کہ آپٹیکل فائبر میں روشنی کہاں کہاں گزری ہے۔ اس طرح مریض کی حرکات و سکنات اور جسمانی کیفیات بھی نوٹ کی جاسکتی ہیں۔

اس طرح ڈاکٹر اور نرس یہ جان سکیں گے کہ مریض نے کتنے عرصے سےکروٹ نہیں لی ہے اور اب کب کب اس کا پہلو بدلنے کی ضرورت پیش آئے گی۔ اس طرح مزید کسی تکلیف دہ آلات کے بغیر ہی نہ صرف مریض کے دل اور سانس کا احوال لیا جاسکتا ہے بلکہ لیٹے رہنے سے زخم اور ناسوروں کو بھی روکا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔