ہاکی گراؤنڈ لاہور میں پی ٹی آئی جلسہ روکنے کی درخواست مسترد

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اگست 2022
ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹروف جلد از جلد لگانے کا حکم

ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹروف جلد از جلد لگانے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے ن لیگ کے رہنما عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر درخواست گزاروں کی ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔

ہائیکورٹ میں ہاکی اسٹیڈیم میں تحریک انصاف کے جلسے کو رکوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

وکیل نے کہا کہ تحریک انصاف کو لاہور کے ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دی گئی، اسپورٹس بورڈ کے آئین کے تحت گراؤنڈ کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، گراؤنڈ میں شادی فنکشن یا سیاسی جلسے نہیں ہو سکتے، اسپورٹس بورڈ نے اجلاس کیے بغیر ہی ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دی جو غیر قانونی ہے، اسپورٹس بورڈ نے جلسے کی اجازت دیکر اختیارات سے تجاوز کیا، ہاکی اسٹیڈیم ہمارا اثاثہ ہے ، جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت دینے پر چیف سیکریٹری پنجاب کو قانونی نوٹس

جسٹس مزمل اختر شبیر نے ریمارکس دیے کہ مال روڈ بھی تو اثاثہ ہے اس پر آپ روز جلسے جلوس کرتے ہیں۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے جلسہ رکوانے کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایک پر امن جلسہ ہونے جا رہا ہے جس کی آئین بھی اجازت دیتا ہے، جو آسٹروٹروف اتارا گیا ہے وہ کسی اور گراؤنڈ میں استعمال ہو گا ہاکی گراؤنڈ میں نیا آسٹروٹروف لگے گا۔

لاہور ہائیکورٹ نے عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر کی ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت یقینی بنائے کہ جلسے کے دوران کوئی نقصان نہ ہو، ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹروف جلد از جلد لگائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔