قومی ون ڈے اسکواڈ کے نیدرلینڈز میں ڈیرے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 13 اگست 2022
دبئی سے ایمسٹرڈیم،پھرروٹرڈیم آمد،کھلاڑی خوشگوار موسم میں مشقوں کیلیے تیار۔ فوٹو: پی سی بی

دبئی سے ایمسٹرڈیم،پھرروٹرڈیم آمد،کھلاڑی خوشگوار موسم میں مشقوں کیلیے تیار۔ فوٹو: پی سی بی

لاہور: قومی ون ڈے اسکواڈ نے نیدرلینڈز میں ڈیرے ڈال دیے۔

آئی سی سی ورلڈکپ لیگ میں شامل 3 ون ڈے میچز کیلیے قومی اسکواڈ نیدر لینڈز پہنچ گیا، کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہورسے علامہ اقبال ایئرپورٹ روانہ ہوئے پھر رات گئے وہاں سے دبئی کیلیے اڑان بھری،گرین شرٹس کی اگلی منزل ایمسٹرڈیم تھی۔

اسکواڈ نے بعد ازاں روٹرڈیم میں ڈیرے ڈال دیے جہاں 3ون ڈے میچز 16 ،18 اور21 اگست کو کھیلے جائیں گے،دوران سفر چند کرکٹرز نے ماسک پہنے رکھے،کئی نے ضرورت محسوس نہیں کی، کھلاڑیوں کی آپس میں گپ شپ بھی ہوتی رہی،ایئرپورٹس پر سیلفیز اور تصویریں بنانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

لاہور میں تربیتی کیمپ کے دوران بارشوں کی وجہ سے کرکٹرز کو صرف ایک روز قذافی اسٹیڈیم میں کھلے آسمان تلے ٹریننگ کا موقع ملا تھا، ایل سی سی اے گرائونڈ میں پاکستان شاہینز کے ساتھ ایک میچ بھی ہوا، اس دوران سخت گرمی رہی، روٹرڈیم کے خوشگوار موسم میں مہمان کرکٹرز کے پاس تیاریاں مکمل کرنے کا اچھا موقع ہوگا۔

16اگست کو پہلے ون ڈے سے قبل میسر وقت میں ہونے والے ٹریننگ سیشنز میں کھلاڑی ٹریننگ اور مینجمنٹ ممکنہ کمبی نیشن پر غور کرے گی، شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس مکمل بحال ہونے پر انھیں تیسرے میچ میں کھلانے کا امکان ہے،ابتدائی دونوں میچز میں ان کا خلا شاہنواز دھانی یا وسیم جونیئر سے پْر کیے جانے کا امکان ہے۔

ڈراپ ہونے والے حسن علی کی جگہ سنبھالنے کیلیے نسیم شاہ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے،حارث رؤف پیس بولنگ میں سینئر کا کردار ادا کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔