جولائی میں غیر ملکی ترسیلات زر 7.8فیصد کم ہوئیں، اسٹیٹ بینک

بزنس رپورٹر  منگل 16 اگست 2022
ترسیلات زر کی مد میں مسلسل 26 مہینوں تک 2 ارب ڈالر سے زائد کی ریکارڈ آمد کا تسلسل برقرار

ترسیلات زر کی مد میں مسلسل 26 مہینوں تک 2 ارب ڈالر سے زائد کی ریکارڈ آمد کا تسلسل برقرار

 کراچی: ماہ جولائی 2022ء میں بیرون ملک مقیم کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 2.5 ارب ڈالر کی رقوم موصول ہوئیں جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 7.8 فیصد کم ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2022ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 2.5 ارب ڈالر کی رقوم موصول ہوئیں۔ اس طرح ترسیلات زر نے مسلسل 26 مہینوں تک 2 ارب ڈالر سے زائد کی ریکارڈ آمد کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔

نمو کے لحاظ سے جولائی 2022 ء کے دوران ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ بنیادوں پر 8.6 فیصد اور سال بسال بنیادوں پر 7.8 فیصد کمی ہوئی۔ یہ کمی بڑی حد تک جولائی میں عید کے سبب کاروباری دنوں کی کم تعداد کی عکاس ہے جو 17 رہے، جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں کاروباری دنوں کی تعداد 22 دن اور جولائی 2021ء میں 18 رہی تھی۔

جولائی 2022 ء میں ترسیلات زر کی آمد کے اہم ذرائع میں سعودی عرب (580.6 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (456.2 ملین ڈالر)، برطانیہ (411.7 ملین ڈالر) اور امریکہ (254.3 ملین ڈالر ) شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔