حکمران اپنے اثاثوں میں سے سیلاب زدگان کیلیے رقم دیں، سراج الحق

ویب ڈیسک  بدھ 7 ستمبر 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکمران اپنے اثاثوں میں سے سیلاب زدگان کے لیے رقم دیں کیونکہ اس وقت متاثرین کی مدد کے لیے خطیر رقم درکار ہے۔

اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا کام ہے لیکن حکومت متاثرین کی مدد پر فوکس کرے، وفاقی و صوبائی حکومتیں سیاست میں مصروف جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے کچھ نہیں ہو رہا۔ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پوری قوم جاگ گئی لیکن حکومت سو رہی ہے۔

سابق سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی اشد ضرورت ہے جبکہ بے گھر ہونے والوں کو ان کے گھروں میں بسانے کے اقدامات کیے جائیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کاروں نے جانوں پر کھیل کر متاثرین کو ریسکیو کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 2010ء کے سیلاب پر بھی حکمرانوں نے کرپشن اور نا اہلی کا مظاہرہ کیا، 2010ء میں سیلاب کے بعد بننے والے کمیشن کی سفارشات پر عمل نہیں کیا گیا، فلڈ کمیشن رپورٹ پر عمل درآمد کیا جاتا تو آج صورتحال اتنی سنگین نہ ہوتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔