پنجاب حکومت گرا کر نواز شریف کو واپس لانے کی سازش ہورہی ہے عمران خان
نواز شریف ملک کے اہم ترین فیصلے کررہا ہے نیا آرمی چیف کون بنے گا اور کس کو جیل میں بند کرنا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ 'مسٹر ایکس' اور 'مسٹر وائی' کی جانب سے ان کے وزرا کو دھمکیاں مل رہی ہیں جبکہ پنجاب حکومت کو گرانے کی سازش زور و شور سے جاری ہے تاکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو واپس لایا جا سکے۔
چشتیاں میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں سیلاب موجود ہے اور ہم دنیا کے سامنے بھیک مانگ رہے ہیں، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ملک کے بڑے ڈاکوؤں کو جیلوں میں ڈالنے کے بجائے وزیر اعظم بنادیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حمزہ شہباز اور شریف نے اپنے خلاف 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس کو ختم کرانے کے لیے عدالت سے استدعا کی، ان کیسز میں دونوں کو سزا ہونے والی تھی مگر غیرملکی سازش کے نتیجے میں اندورنی اور بیرونی غداروں نے ان کو ہم پر مسلط کردیا۔
ایک مرتبہ پھر عمران خان نے زور دیا کہ نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر ملک کے اہم ترین فیصلے کررہا ہے نیا آرمی چیف کون بنے گا اور کس کو جیل میں بند کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مجھے اور پاکستانی فوج سے لڑانے کی کوشش ررہے ہیں، مسلم لیگ (ن) چاہے جتنی بھی کوشش کریں لیکن واضح رہے کہ پاکستانی فوج بھی میری ہے اور ملک بھی میرا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ عدلیہ اور فوج پر تنقید ہو تو تعمیری تنقید ہو، جس طرح ایک باپ اپنے بیٹے کے لیے رویہ اختیار کرتا ہے۔