این ایچ اے کا چند مقامات کے سوا ملک بھر میں روڈ نیٹ ورک بحال کرنے کا دعویٰ

ویب ڈیسک  جمعرات 8 ستمبر 2022
کچھ مقامات پر پانی کی سطح کم ہونے پر ٹریفک بحال کردی جائے گی، ترجمان این ایچ اے (فوٹو فائل)

کچھ مقامات پر پانی کی سطح کم ہونے پر ٹریفک بحال کردی جائے گی، ترجمان این ایچ اے (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی  نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں چند مقامات کے سوا  این ایچ اے کا روڈ نیٹ ورک بحال کردیا گیا ہے۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق کچلاک،ژوب، ڈیرہ اسماعیل خان سیکشن پر سگو پل اور بحرین۔کالام کے سوا پورا نیٹ ورک ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ متاثرہ مقامات پر متبادل راستے بنا کر ٹریفک رواں کردیا گیا ہے جب کہ سندھ میں کوٹری، دادو، کشمورکے متاثرہ مقامات پر پانی کی سطح کم ہونے پر ٹریفک بحال کردی جائے گی۔

این ایچ اے ترجمان کے مطابق دادو، مورو پل اور قاضی عامری پل کے ذریعے ٹریفک قومی شاہراہ N-5 کی جانب موڑ دی گئی ہے۔ اُدھر بلوچستان میں M-8 کے خضدار، قوبہ سعید خان سیکشن پر وانگو ہل اور بریجہ کے مقامات پر سڑکوں  کوصاف کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ بلوچستان میں باقی ماندہ نیٹ روک پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے اپنے نیٹ ورک کے ساتھ صوبائی رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے بھی شانہ بشانہ مصروف عمل ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا  اسعد محمود کی ہدایت پر وفاقی سیکرٹری مواصلات وچیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا سڑکوں کی بحالی کے کام کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔