سمن آباد پولیس نے مبینہ مقابلے میں ڈکیت باپ اور بیٹے کو گرفتار کرلیا

ویب ڈیسک  جمعرات 8 ستمبر 2022
—فوٹو

—فوٹو

 کراچی: سمن آباد پولیس نے مبینہ مقابلے میں ڈکیت باپ اور بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ڈاکو خاتون سے پرس چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہوگیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او سمن آباد عمران زیدی نے بتایا کہ فیڈرل بی ایریا بلاک 18 عمر مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے بینک سے نکلنے والی خاتون کا تعاقب کیا اور گھر کے قریب پہنچ کر اس کا پرس چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ خاتون نے شور مچا دیا۔

عمران زیدی نے بتایا کہ وہ علاقے گشت پر خود موجود تھے اور فوری طور پر متاثرہ خاتون کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات پر ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور پولیس کو آتا دیکھ کر انھوں نے فائرنگ کر دی تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو بلال ولد شعیب ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے پولیس نے اس کے بیٹے عظیم سمیت گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے خاتون کا چھینا ہوا پرس برآمد کرلیا جس میں 2 چیک بک ، نقد رقم ، 3 موبائل فون موجود تھے جبکہ ڈاکوؤں کے قبضے سے ، 2 پستول 30 بور لوڈ میگزین اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ہونے والے ڈکیت باپ بیٹا لانڈھی فیوچر کالونی کے رہائشی ہیں اور اس سے قبل بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔