پہلی اسرائیلی سپر ہیرو بنانے پر مارول کو شدید تنقید کا سامنا

ویب ڈیسک  منگل 13 ستمبر 2022
مارول کے لیے وہ موساد کے ایک سابق جاسوس کا کردار ادا کریں گی، فوٹو: انسٹاگرام

مارول کے لیے وہ موساد کے ایک سابق جاسوس کا کردار ادا کریں گی، فوٹو: انسٹاگرام

کیلیفورنیا: مارول کی جانب سے پہلی اسرائیلی سپر ہیرو متعارف کروانے کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہے اور مارول پر شدید تنقید جاری ہے۔

مارول سنیماٹک یونیورس کی پہلی اسرائیلی سپر ہیرو شیرا ہاس اگلی کیپٹن امریکہ فلم میں رتھ بیٹ سیراف عرف “صابرہ” کے کردار میں کام کرنے والی ہیں۔

مارول کے حالیہ اقدام نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا ہے۔ ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا ہے کہ سپر ہیرو کا ولن ایک چھ سالہ فلسطینی بچہ ہے۔

ہاس نے نیٹ فلکس سیریز شٹیسل میں اپنے کردار سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔ مارول کے لیے وہ موساد کے ایک سابق جاسوس کا کردار ادا کریں گی جس کی خصوصی طاقتوں میں سپر طاقت، رفتار اور بڑی رفتار سے اڑنے کی صلاحیت شامل ہے۔

شائقین نے اس کردار کی شمولیت کی متنازعہ نوعیت کو فوری طور پر نوٹ کیا اور خیال ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے ایسا لگتا ہے کہ مارول اسرائیل/فلسطین تنازعہ کے میدان میں قدم رکھ رہا ہے۔

ایک صارف نے صابرہ نام کی ابتدا پر تبادلہ خیالات کرتے ہوئے لکھا “بظاہر ‘صابرہ’ ایک اصطلاح ہے جو تاریخی فلسطین میں پیدا ہونے والے یہودیوں کے حوالے سے استعمال کی جاتی ہے لیکن یہ بیروت کے اس محلے کا نام بھی ہے جہاں اسرائیلی فورسز نے 1982 میں صابرہ اور شتیلا قتل عام میں ہزاروں فلسطینی پناہ گزینوں کے قتل عام کی نگرانی کی تھی۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔