ایان علی نے 100 کلو وزن اور ذہنی دباؤ پر کیسے قابو پایا؟ ماڈل نے بتا دیا

ویب ڈیسک  بدھ 21 ستمبر 2022
ایان نےبتایا  کہ 2015 میں عدالتی کیس کے بعد ان کی دماغی صحت گرنے لگی تھی(فائل فوٹو)

ایان نےبتایا کہ 2015 میں عدالتی کیس کے بعد ان کی دماغی صحت گرنے لگی تھی(فائل فوٹو)

لندن: پاکستان شوبز انڈسٹری کی صفِ اول کی ماڈل ایان علی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کیس سے نمٹنے کے بعد اپنے بڑھتے وزن پر قابو کیسے پایا۔

معروف ماڈل ایان علی نے ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے انزائٹی اور دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کے بعد کس طرح اپنا وزن کم کیا، ویڈیو میں انہیں سخت ورزشیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایان علی نے بتایا کہ وہ پی ٹی ایس ڈی (پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر) کا شکار تھیں جس کے بعد ان کا وزن 60 کلو سے 100 کلو تک چلا گیا تھا لیکن اب وہ اپنی سخت ورزش کے معمول کے بعد 58 کلوگرام ہو چکی ہیں۔

ایان نے بتایا کہ’2015 میں عدالتی کیس کے بعد ان کی دماغی صحت گرنے لگی تھی اور اگلے دو سالوں تک ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈپریشن، ذہنی تناؤ اور اضطراب بڑھتا گیا‘۔

ماڈل نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ’منی لانڈرنگ، قتل، دہشت گردی ہر ہفتے مجھے ایک نئے جعلی کیس سے نمٹنا پڑتا تھا جیل کے دنوں کے جسمانی و ذہنی تشدد کی باقیات بھی ساتھ رہتیں اور نیشنل ٹی وی پر غلیظ ترین کردار کشی مسلسل تنہا رہنے پر مجبور کرتی تھیں‘۔


یاد رہے کہ 2015 میں منی لانڈرنگ کیس کے بعد ایان علی خبروں کی سُرخیوں کا حصہ رہیں انہیں اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے 50 لاکھ ڈالر سے زائد کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔

ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ آصف زرداری کے پیسوں کی منی لانڈرنگ کر رہی تھیں اور پیسے لے کر ملک سے فرار ہو رہی تھیں جبکہ  ماڈل نے ان الزامات کو ماننے سے انکار کر دیا تھا تاہم کئی دنوں کی سنوائی اور جیل میں کئی راتیں گزارنے کے بعد ایان علی کی ضمانت منظور کر لی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔