پاکستان چین سے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف کی بات کرے،امریکا

ویب ڈیسک  منگل 27 ستمبر 2022
مشکل وقت میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، امریکی وزیرخارجہ:سوشل میڈیا

مشکل وقت میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، امریکی وزیرخارجہ:سوشل میڈیا

  واشنگٹن: امریکا نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ سیلاب کے بعد کی صورتحال کے باعث چین سے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف کی بات کرے۔  

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ملاقات کے بعد تقریب سے خطاب میں کہا کہ سیلاب کے بعد کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے  پاکستان سے کہا ہے کہ وہ قرضوں کی واپسی کے لیے چین سے ریلیف فراہم کرنے کی بات کرے۔ چین پاکستان کوسب سے زیادہ قرض فراہم کرنے والا ملک ہے۔

پاکستان اور امریکا سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر امریکی محکمہ خارجہ میں تقریب ہوئی جس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری اور امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے خطاب کیا۔

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا اورپاکستان کوسیلاب سے فصلوں کو ہونے والے نقصان کے تناظر میں فوڈ سیکورٹی کے لیے مزید ایک کروڑ ڈالرامداد دینے کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: چین نے امریکی تنقید مسترد کردی؛ پاکستان کی ہر ممکن مدد کا عزم

امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔پاکستان کے لیے انتہائی مشکل وقت  ہے۔ سیلاب کے چیلنج سے فوری نہ نمٹا گیا تو اس کے اثرات طویل مدت کے لیے ہوں گے۔ امریکا نے سیلاب زدگان کے لیے پاکستان کو 55 ملین ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری  نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان سفارتکاری واپس آئی ہے۔  پاکستان میں 3کروڑ سے زائد افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔ ماحولیاتی انصاف پر امریکا سے مدد اور تعاون چاہتےہیں۔ یہ سبز انقلاب کا وقت ہے ہمیں یقین ہےصدر بائیڈن قیادت کریں گے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سیلاب زدگان کی امداد پر امریکا کا شکریہ ادا کیا اور امریکی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔