افغان سرزمین سے پاک فوج پر فائرنگ سے سپاہی شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 30 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 راولپنڈی: خیبرپختونخواہ کے ضلع کرم میں افغان سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے سپاہی نے جام شہادت نوش کرلیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرم کے علاقہ خرلاچی میں افغان سرحد پار سے دہشت گردوں کی پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں چنیوٹ کا رہائشی 27سالہ سپاہی جمشید اقبال شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

مزید پڑھیں: افغان سرزمین سے پاک فوج کی چوکی پر فائرنگ، تین جوان شہید

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کی تیرہ تاریخ کو بھی پاک فوج کے ترجمان نے بتایا تھا کہ افغانستان سے دہشت گردوں کی ضلع کرم کے علاقے خرلاچی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے جبکہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔