کراچی میں ڈاکوؤں نے ہوٹل پر بیٹھے افراد کو لوٹ لیا

اسٹاف رپورٹر  پير 3 اکتوبر 2022
لوٹے جانے والے افراد ہوٹل پر چائے پینے بیٹھے تھے (فوٹو فائل)

لوٹے جانے والے افراد ہوٹل پر چائے پینے بیٹھے تھے (فوٹو فائل)

 کراچی: شہر قائد میں عزیزآباد تھانے کی حدود کریم آباد میں چائے کے ہوٹل پر اتوار کی شب ڈکیتی کی واردات  ہوئی، جس میں موٹرسائیکلوں پر سوار 4 مسلح ڈاکو چائے پینے والے افراد سے ڈھائی لاکھ روپے سے زائد رقم، 4 قیمتی موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ڈکیتی کی اطلاع ملنے پر مددگار 15 پولیس موقع پر پہنچی اور انہوں نے ڈکیتوں کے ہاتھوں لوٹے جانے والے افراد کے بیانات لینے کے بعد رپورٹ درج کرانے کے لیے عزیز آباد تھانے جانے کا مشورہ دے دیا۔

واضح رہے تقریباً 2 ماہ قبل موٹرسائیکل سوار 2 ڈاکو کریم آباد مینابازار کے عقب میں واقع ایک ایزی لوڈ کی دکان سے نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہورہے تھے کہ اسی مقام کے قریب شہریوں نے انہیں پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں ایک مسلح موٹرسائیکل سوار شہری نے ڈاکوؤں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا جو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے تھے۔

علاوہ ازیں کچھ عرصہ قبل مذکورہ چائے کے ہوٹل سے موٹرسائیکل سوار 4 ڈاکو 25 سے زائد چائے پینے آنے والے شہریوں سے ان کے موبائل فون ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے تھے ۔ واقعے کے بعد عزیزآباد پولیس نے اسنیپ چیکنگ شروع کی، تاہم کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈاکو محلوں اور گلیوں میں کھلے عام لوٹ مار کررہے ہیں جب کہ پولیس مرکزی شاہراہوں پر اسنیپ چیکنگ میں مصروف ہے۔ شہر میں ہونے والی متعدد وارداتیں ایسی بھی ہوئی ہیں کہ پولیس وہاں سے کچھ دیر قبل گزر کر گئی اور پھر وہیں لوٹ مار کا واقعہ پیش آیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔