لاہور؛ ہوٹل میں سالگرہ تقریب،تیزاب ملا پانی پینے سے بچوں کی حالت غیر

ویب ڈیسک  پير 3 اکتوبر 2022
ڈھائی سالہ وجیہہ کی پانی پینے سے حالت غیر، دوسرے بچے کا ہاتھ جھلس گیا (فوٹو فائل)

ڈھائی سالہ وجیہہ کی پانی پینے سے حالت غیر، دوسرے بچے کا ہاتھ جھلس گیا (فوٹو فائل)

 لاہور: لاری اڈا کے قریب نجی ہوٹل میں ٹھہری فیملی کے بچوں کی تیزاب ملا پانی پینے سے حالت تشویش ناک ہوگئی، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہری عادل نے لاری اڈا پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ گریٹر اقبال پارک میں واقع نجی ریستوران میں  پانی پینے اور استعمال کرنے سے میرے بھتیجے اور بھانجی کی حالت بگڑ گئی۔ بھتیجے احمد کا ہاتھ پانی سے دھلوایا گیا تو اس کا ہاتھ جھلس گیا جب کہ ڈھائی سالہ وجیہہ کو پانی پلایا تو اس کی حالت غیر ہو گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ نے بتایا کہ پانی میرے کزن احسن کے ہاتھ اور پاؤں پر بھی گرا، جس سے جسم پر چھالے بن گئے۔  واقعے کے فوراً بعد بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق حکام نے ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی ہے جب کہ مقدمہ درج کیے جانے کے بعد نجی ہوٹل کے منیجر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ریستوران میں سال گرہ کی تقریب منعقد کی گئی تھی جب کہ وہاں موجود پانی کی بوتل میں مبینہ طور پر تیزاب شامل تھا۔ پانی پینے سے بچے کا منہ اور گلے کی نالیاں جھلس گئیں۔ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔